کیرالہ(نمائندہ خصوصی)بھارتی ریاست کیرالہ میں کالج کے طالب علموں نے پاکستانی پرچم لہرا دیا جس کے بعد بھارت میں کہرام مچ گیا،پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 30 طالب علموں کو گرفتار کرتے ہوئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسلم سٹوڈنٹس فرنٹ(ایم ایس ایف)کے طلبہ مقامی کالج کی الیکشن مہم چلا رہے تھے۔اس دوران انہوں نے پاکستانی پرچم لہرا دیا جس پربھارتی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 30 طلبہ کو گرفتار کرلیا۔رپورٹس کے مطابق ایم ایس ایف کے طلبا نے اس واقعہ کو غلط فہمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم کے جھنڈے کا رنگ پاکستانی پرچم سے ملتا جلتا ہے، جب اسے لہرایا گیا تو وہ پاکستانی پرچم کی مانند معلوم ہوا۔
دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کیرالہ کے اس کالج میں دہشت گرد گھس آئے ہیں جن کا مقصد ریاست کے امن کو تباہ کرنا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی حکومت پاکستان اور مسلمان دشمنی میں بالکل اندھی ہو چکی ہے، انتہا پسند مودی سرکار نے آسام میں بسنے والے لاکھوں مسلمانوں کی شہریت کو بھی ختم کر دیا ہے۔اس دوران بھارتی فوج کا کشمیر میں بھی ظلم و ستم جاری ہے اور مقبوضہ وادی میں حکومت کی جانب سے لگائے گئے کرفیو کو چار ہفتے گذر چکے ہیں ۔