• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کورونا وائرس، پاکستان میں اموات 440 تک پہنچ گئیں،امریکا میں ایک روز میں مزید1691 افراد ہلاک

May 3, 2020

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 440 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 19 ہزار 103 تک پہنچ گئی ،ادھرامریکہ میں کورنا وائرس سے مزید ایک ہزار 691 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 989 کیسز اور 23 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ ملک میں کوروناوائرس کے 4 ہزار 817 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔پنجاب میں کورونا کے اب تک 7 ہزار 106 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ 7 ہزار 102، خیبرپختونخوا 2,907، بلوچستان 1,172، اسلام آباد 393، آزاد کشمیر 67 اورگلگت بلتستان میں 356 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 172 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 122، پنجاب میں 120، بلوچستان 19، اسلام آباد 04 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 9 ہزار 164 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کل 1 لاکھ 93 ہزار 859 ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔

ادھر کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 700 سے بڑھ گئی جبکہ 34 لاکھ 84 ہزار 176 افراد متاثر ہو گئے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد میں سے 11 لاکھ 21 ہزار زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
امریکہ میں کورنا وائرس سے مزید ایک ہزار 691 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد امریکہ میں اموات کی تعداد 67 ہزار 400 سے تجاوز کر گئی ہے۔امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 11 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار 7 سو سے زائد ہو گئی۔

برطانیہ میں کورونا سے مزید 621 افراد کی موت کے بعد اب تک مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 131 سے تجاوز کر گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد ہے۔سپین میں بھی گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 276 افراد کی اموات کے بعد اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 25 ہزار 100 ہوگئی اور متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 45 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس نے مزید 474 افراد کی جان لے لی جہاں اب تک ہونے والی اموات 28 ہزار 710 ہو گئیں۔ اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 9 ہزار سے زائد ہے۔فرانس میں بھی کورونا نے مزید 166 افراد کی جان لے لی۔ فرانس میں مرنے والوں کی تعداد 24 ہزار 760 سے زائد ہو گئی اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 68 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

جرمنی میں بھی کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 6 ہزار 800 سے بڑھ گئی ہے جب کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 64 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ترکی میں بھی کورونا کے وار جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 78 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار 3 سو سے تجاوز کر گئی۔

ایران میں کورونا نے مزید 65 افراد کی جان لے لی جس کے بعد ایران میں کورونا سے اب تک 96 ہزار448 افراد متاثر ہوئے اور ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار ایک سو سے بڑھ گئی ہے۔