• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی آئی اے نے امریکا میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا پلان جاری کردیا

May 4, 2020

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا پلان جاری کردیا۔

ذرائع کے مطابق امریکی ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کےلئے سلاٹ مختص کر دیا۔ پی آئی اے کی پہلی پرواز 12 مئی کو اسلام آباد سے واشنگٹن ڈی سی روانہ ہو گی۔ پی آئی اے بوئنگ ٹرپل 777 طیارہ بغیر مسافروں کے امریکہ جائے گا۔

پی آئی اے کی ایک ماہ میں 12 پروازیں امریکہ کےلئے شیڈول کی گئی ہیں جو واشنگٹن، شکاگو، نیو جرسی کےلئے آپریٹ ہوں گی۔ پی آئی اے نے امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے کو بھی شیڈول سے آگاہ کر دیا۔

واضح رہے کہ پی آئی اے تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکہ کے لیے اپنی براہ راست پروازیں چلا رہی ہے۔امریکہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے پی آئی اے کو اجازت دینے کا مراسلہ جاری کر رکھا ہے۔ جس کے مطابق پی آئی اے ایک ماہ کے دوران ایک درجن پروازیں چلا سکتا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ براہ راست پروازوں کی اجازت ملک کی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری، حکومتی پالیسی اور پی آئی اے کے سیکیورٹی سے متعلق اقدامات کی عکاس ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ذاتی طور پر امریکہ پروازیں چلانے اور وہاں پھنسے پاکستانیوں کو جلد از جلد واپس لانے کیلئے اقدامات کیے۔

پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے امریکہ کی ریلیف پروازیں چلائے گا جہاں ہزاروں پاکستانی پی آئی اے کے منتظر ہیں۔ پی آئی اے ان میتوں کو بھی بلا کسی معاوضے کے واپس لے کر آئے گا جو دیار غیر میں چل بسے ہیں۔

واضح رہے کہ پی آئی اے نے کبھی براہ راست امریکہ کےلئے پروازیں نہیں چلائیں بلکہ پی آئی اے کا امریکہ آپریشن براہ راست پروازوں کی اجازت نہ ہونے کے باعث یورپ یا برطانیہ کے ایئرپورٹس سے سیکیورٹی کلیئر ہو کر جاتی تھیں۔