لاہور(نمائندہ خصوصی) سابق کرکٹر عاقب جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ جسٹس قیوم کمیشن میں بہت کچھ چھپایا گیا۔ دھمکیاں ملتی تھیں کہ عدالت میں بولے تو بوٹی بوٹی کردیں گے۔
عاقب جاوید نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ 20 سال پہلے عدالت کو بتایا تھا کہ فکسنگ کے لئے ایک نہیں بلکہ 5 سے 6 کھلاڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس وقت دھمکیاں ملتی تھیں کہ عدالت میں بولے تو بوٹی بوٹی کردیں گے۔ جسٹس قیوم کمیشن میں بہت کچھ چھپایا گیا جس کا بعد میں جسٹس قیوم نے اعتراف بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس قیوم نے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کوسزائیں بہت ہوسکتی تھیں لیکن بڑے نام ہیں اس لیے جرمانے لگا کر دوبارہ موقع دیا گیا۔سابق فاسٹ بالر نے اعتراض اٹھایا کہ جب سب کو موقع دیا گیا تو سابق کپتان سلیم ملک کو بھی دینا چاہئے۔ محمد عامر کو ہیرو بنا کر واپس لایا گیا جس سے باقی کھلاڑیوں کو بھی حوصلہ ملا۔