نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ’شیر‘ (Cher)نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر لفظ ’پاکستانی‘ لکھ کر ٹویٹ کر دیا جس پر ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی کہ کہیں ان کا اکاﺅنٹ ہیک تو نہیں کر لیا گیا۔ تاہم جب گلوکارہ نے لفظ ’پاکستانی‘ٹویٹ کرنے کی وجہ بیان کی تو لوگ ان کے گرویدہ ہو گئے۔ ویب سائٹ مینگوباز کے مطابق گلوکارہ شیر دراصل پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہتی تھیں، جس کی وجہ سے انہوں نے یہ لفظ ٹویٹ کیا۔
گلوکارہ اسلام آباد کے چڑیا گھر میں رکھے گئے ہاتھی ’کاوین‘ کی رہائی کے لیے کئی سال سے کوشش کر رہی تھیں۔ 2012ءمیں کاوین کی ساتھی ہتھنی مر گئی تھی اوراس کے بعد کاوین اکیلا چڑیا گھر میں رہ رہا تھا۔ کاوین کو سالوں پہلے سری لنکا سے یہاں لایا گیا تھا اور شیر چاہتی تھی کہ اسے اس قید تنہائی سے آزاد کرکے واپس سری لنکا بھیج دیا جائے جہاں وہ دیگر ہاتھیوں کے ساتھ زندگی گزارے۔ گلوکارہ نے اس دوران وزیراعظم عمران خان اور فواد چودھری کی بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اس جانب توجہ مرکوز کرانے کی کوشش کی۔ گلوکارہ شیر کا شوہر مارک خود اسلام آباد آیا اور دیگر کئی لوگوں کے ساتھ مل کر کاوین کی رہائی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقدمہ دائر کیا۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے کاوین کی رہائی کا حکم دیا جس پر گلوکارہ خوشی سے پھولے نہیں سما رہی تھیں اور انہوں نے شکرئیے کے لیے لفظ ’پاکستانی‘ ٹویٹ کر دیا۔