(عمران خان خیبر پختون خواہ )
(پشاور)گرانفروشی اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی۔پشاور بھر سے 41 گرفتار۔کوہاٹ روڈ سے زائد کرایہ وصول کرنے پر8 ڈرائیوروں کو جرمانہ۔ترجمان ڈپٹی کمشنر پشاور
ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے مختلف علاقوں میں گرانفروشی اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر کاروائی کر تے ہوئے 41افراد کو گرفتار کر لیا۔ جبکہ کوہاٹ روڈ پر سواریوں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر آٹھ ڈرائیوروں کو جرمانہ کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطا بق ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کاشف جان نے ہشتنگری، سیٹھی ٹاؤن، پہاڑی پورہ اور دیگر علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا۔انھوں نے کوہاٹ روڈ پر سواریوں سے مقرر شدہ کرایہ سے زائد وصول کرنے پر آٹھ ڈرائیوروں کو بھی جرمانہ کردیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد شفیق آفریدی نے اندرون شہر مختلف بازاروں کا معائنہ کیا جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر منیٰ ظاہر نے حیات آباد کی مختلف مارکیٹوں میں دکانوں کا معائنہ کیا۔کاروائیوں کے دوران مجموعی طور پر41 افراد کوگرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجروں و دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حکومتی ضابطہ اخلاق پر عمل کریں۔انھوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تعاون کر تے ہوئے اپنا کردار ادا کریں۔