لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے حال ہی میں خودکشی کرنے والے بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ ایک یادگار تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق علی ظفر نے کئی بالی وڈ فلموں میں آواز کا جادو جگانے کیساتھ ساتھ اداکاری کے جوہر بھی دکھائے ہیں۔ گلوکار نے گزشتہ دنوں خودکشی کرنے والے بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ ایک یادگار تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ہے جس میں سشانت سنگھ کے علاوہ بالی وڈ کوریوگرافر شبینہ خان اور آنجہانی اداکار کی دوست روہنی ایر بھی موجود ہیں۔
علی ظفر نے تصویر شیئر کرنے پر شبینہ خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ یہ رات مجھے اچھی طرح یاد ہے، انڈسٹری میں میں جن لوگوں سے ملا ان میں سے سشانت ایک پرجوش اور بہترین انسان تھا۔ وہ زندگی سے بھرپور تھا اور ہمیشہ مسکراتا رہتا تھا، اس کے جانے کا غم نہیں بھول پارہا۔
واضح رہے کہ 14 جون کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے مبینہ طور پر اپنے گھر میں پنکھے سے لٹک کر خود کشی کرلی تھی جبکہ ان کے حوالے سے کہا گیا کہ وہ ڈپریشن کا علاج کرارہے تھے۔ سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد بھارت میں ڈپریشن پر ایک نئی بحث چھڑگئی ہے جبکہ پولیس اداکار کی خودکشی کی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کررہی ہے۔
اداکار سشانت سنگھ نے اپنے کیرئیر کا آغاز ڈرامہ ”کس دیش میں ہے میرا دل“ سے کیا تھا اور بعد ازاں انہوں نے فلم ”پی کے“ میں سرفراز کا کردار ادا کیا جس سے وہ کافی مقبول ہوئے۔ علاوہ ازیں سشانت سنگھ نے ”ایم ایس دھونی‘، ’کیدرناتھ‘ اور ’رابطہ‘ جیسی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔