لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار بیٹسمین اور کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ ٹیم کی رینکنگ کو اوپر لایا جائے اور ایسا مسلسل میچز جیت کر ہی ممکن ہے جس کیلئے اچھی کارکردگی دکھانا پڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر ہونے کے بعد بابر اعظم نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ بہت فخر کی بات ہے کہ مجھے ٹیسٹ فارمیٹ کی بھی کپتانی ملی، کوشش یہی ہوگی کہ اچھی سے اچھی ٹیم بناﺅں، ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی لڑکوں کو اچھے کامبی نیشن سے کھلائیں اور انہیں سپورٹ کریں، نوجوان کھلاڑی سینئرز کے ساتھ جتنا کھیلیں گے اتنا زیادہ سیکھیں گے۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ سابق کپتان سرفراز احمد اور اظہر علی کی سربراہی میں کھیل کر بہت کچھ سیکھا جس کیلئے ان کا مشکور ہوں، کوشش کروں گا ان کو ساتھ لے کر چلوں، ان سے مشورہ کروں کہ ان کا کیا مائنڈ سیٹ تھا۔
بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہوئی کہ مجھ پر اعتماد کیا گیا اور ایک مزید ذمہ داری دی گئی۔ انشاءاللہ جیسے ون ڈے اور ٹی 20 میں کپتانی کر رہا ہوں کوشش ہے ویسے ٹیسٹ میں بھی کروں، کرکٹ میں میرا سفر 2007ءسے چل رہا ہے جب میں بال پکر تھا، تب میرا بھی دل کرتا تھا کہ مجھے یہاں کھیلنا ہے، اپنی منزل اور مقصد پانے کیلئے بہت سی چیزیں قربان کرنا پڑتی ہیں۔