• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پہلا ٹیسٹ، جنوبی افریقہ کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری

Jan 26, 2021

کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ میں پروٹیز کی بیٹنگ جاری ہے جس نے دو وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنا لئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ نےٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم میدان میں آئے جنہوں نے 30 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی کامیابی دلاتے ہوئے ایڈن مارکرم کو پویلین کی راہ دکھا دی، وہ 16 گیندوں پر 13 رنز بنا کر عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ 63 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب ریسی وینڈرڈوسن نے فہیم اشرف کی گیند پر بھاگ پر رن لینے کی کوشش کی مگر دوسرے اینڈ پر موجود ڈین ایلگر نے ان کی کال کو مسترد کر دیا جس پر انہیں آدھی وکٹ سے واپس جانا پڑا تاہم اس سے پہلے ہی محمد رضوان نے بابراعظم کی زبردست تھرو پکڑتے ہوئے انہیں رن آﺅٹ کر دیا، وہ 30 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا سکے۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے پاکستانی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، یاسر شاہ، حسن علی، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی قیادت کوینٹن دی کوک کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈین ایلگر، ایڈن مارکرم، فاف ڈوپلیسی، ریسی وینڈرڈوسن، ٹیمبا باووما، جارج لینڈے، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، لونگی نگیڈی اور اینرچ نورجے شامل ہیں۔