• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

دہشتگردی سمیت تمام درپیش چیلنجز کے باوجود خیبر پختونخوا پولیس ہر محاذ پراپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکی ہے

Jan 30, 2021

ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ نے کہاہے کہ دہشتگردی سمیت تمام درپیش چیلنجز کے باوجود خیبر پختونخوا پولیس ہر محاذ پراپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکی ہے۔نامساعد اور انتہائی کٹھن حالات میں پولیس جوانوں نے ثابت قدمی سے مادر وطن کی بقاء اور سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیا۔صوبے کی پولیس نے امن وامان کے قیام اور تحفظ عامہ کیلئے اپنی جانوں پر کھیل کر قربانیوں کی انمٹ تاریخ رقم کردی ہے۔دہشتگردی کے تجربے سے خیبر پختونخوا پولیس فورس امن کی ضامن بن چکی ہے اورقانون شکن عناصر کو دندان شکن جواب دینا ہمیشہ سے اس صوبے کی پولیس کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس شہداء اور غازیوں کا فورس ہے جسکی بہادری کی عالمی برادری بھی معترف ہے اور انکی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔معیاری تربیت عملی میدان میں فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کیلئے بنیادی اکائی کی حیثیت رکھتا ہے۔پولیس کی بنیادی تربیتی نظام کو جدید عصری تقاضوں اور موجودہ حالات کے عین مطابق بنایا جارہا ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر قائم خیبر پختونخوا پولیس کے امیج کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پولیس ٹریننگ سکول کوہاٹ میں پولیس ریکروٹس کی 72 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال،ڈائریکٹر پولیس ٹریننگ سکول اظہر ابراہیم پراچہ،ایس پی انوسٹی گیشن کوہاٹ فضل جان،ایس پی سی ٹی ڈی ستار خان،اے ایس پی صدر وقاص رفیق اور دیگر مقامی پولیس حکام بھی موجود تھے۔پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ نے پاس آؤٹ ہونیوالے ریکروٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنی بنیادی تربیت مکمل کرنے کے بعد آپ ایک ایسے بہادر پولیس فورس کا حصہ بننے جارہے ہیں جس کے شیر دل جوانوں نے اپنے خون کی قربانی کی بدولت سنہری تاریخ رقم کررکھی ہے۔خیبر پختونخوا کی عظیم پولیس فورس محدود وسائل اورچیلنجنگ جغرافیائی حالات میں اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں سرانجام دیکر عوام کے دلوں میں اپنی دھاک بٹھا چکی ہے جسکے باعث قوم کا سر فخر سے بلند ہے۔انہوں نے پولیس جوانوں پر زور دیا کہ فورس کا امیج برقرار رکھنے کی ذمہ داری اب آپ پر بھی عائد ہوتی ہے لہٰذا اس تربیتی ادارے سے حاصل کردہ علم اور تجربے کو عملی زندگی میں عوام کے بہتر مفاد کیلئے بروئے کار لائیں اور فیلڈ ورک میں بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے لوگوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا کریں۔عملی پیشہ ورانہ زندگی میں اپنا کردار بغیر کسی لالچ،دباؤ یا خوف کے ادا کریں جس میں ایسی سوسائٹی کی تعمیر ہو جو جرم،ناانصافی اور خوف کے دباؤ سے مکمل آزاد ہوکیونکہ یہی اس صوبے کی پولیس کا وژن ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاس آؤٹ ہونیوالے جوان فورس کے شہداء اور غازیوں کے خون کی قربانی سے حاصل کردہ خیبر پختونخوا پولیس کی امیج کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار بطریق احسن ادا کریں گے۔اس موقع پرٹریننگ سکول کے ڈائریکٹر اظہر ابراہیم پراچہ نے مہمان خصوصی کے سامنے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1975سے قائم اس تربیتی ادارے سے اب تک ہزاروں پولیس افسران تربیت حاصل کرکے ملک وقوم کی خدمت میں مگن ہیں۔تقریب کے دوران پاس آؤٹ ہونیوالے231 پولیس جوانوں نے ملک و قوم سے وفاداری اور اپنے کار ہائے منصبی نہایت ہی خوش اسلوبی سے انجام دینے کا حلف لیتے ہوئے شاندار پریڈ کابھی مظاہرہ پیش کیاجبکہ تقریب کے مہمان خصوصی ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ نے دوران تربیت مختلف شعبوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے پولیس ریکروٹس میں اعزازی شیلڈ تقسیم کئے۔