• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

شرجیل خان کس طرح قومی ٹیم میں واپس آنا چاہتے ہیں؟ عزائم ظاہر کر دئیے

Feb 6, 2021

ابوظہبی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز شرجیل خان نے کہا ہے کہ میری کوشش ہے اچھا پرفارم کروں اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں جگہ بناؤں۔

تفصیلات کے مطابق شرجیل خان کا کہنا ہے کہ ٹی 10 کرکٹ آسان فارمیٹ نہیں، مختصر اور تیز فارمیٹ ہونے کی وجہ سے سوچنے کا وقت کم ملتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آرام کا وقت بھی قدرے کم میسر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی طرح ٹی 10 ورلڈ کپ بھی ہونا چاہئے کیونکہ یہ فارمیٹ مختصر ہے لیکن آسان نہیں اگر ٹی 10 ورلڈکپ کا انعقاد کیا جاتا ہے تو کراﺅڈ اور کھلاڑی دونوں بہت لطف اندوز ہوں گے۔

شرجیل خان نے کہا کہ میں اپنی فٹنس بہتر کر رہا ہوں اور میری کوشش ہے کہ اچھا پرفارم کروں اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان ٹیم میں جگہ بناﺅں اور ملک کی خدمت کروں۔

واضح رہے کہ شرجیل خان ان دنوں ابوظہبی میں جاری ٹی 10 کرکٹ لیگ میں پہلی بار قلندرز کی طرف سے کھیل رہے ہیں اور قلندرز اپنا آخری میچ آج ہفتے کو تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گی۔