(عمران خان خیبر پختون خواہ )ملک سعد شہید پولیس لائنز میں گزشتہ روز ایس ایس پی اپریشنز یاسر آفریدی کی سربراہی میں خصوصی تعارفی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں چاروں ڈویژنز کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ میٹنگ میں جرائم اور ان کی تفتیش کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی اپریشنز نے زیر تفتیش کیسز کا تقابلی جائزہ لیتے ہوئے ہاٹ سپاٹس کا تعین کرکے نئی حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر انفارمیشن بیسڈ سرچ اپریشنز، سرپرائز ناکہ بندیاں اور پولیس گشت میں اضافے کے ساتھ ساتھ تفتیشی نظام میں بھی مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔
ایس ایس پی اپریشنز یاسر آفریدی نے پولیس افسران کو مخاطب کرتے ہوئے جدید چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی خاطر جانفشانی، یکسوئی اور ایمانداری سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا. انہوں نے سنگین جرائم کی تفتیش میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنانے اور باقاعدہ جیو ٹیگنگ کرنے کی بھی ہدایت کی جس کی وجہ سے سنگین جرائم کے سدباب کو ممکن بنایا جاسکے گا. انہوں نے پولیس افسران کو جرائم کی روک تھام سمیت معاشرتی مسائل کے خاتمہ کے لئے بھی کلیدی کردار ادا کرنے اور اس ضمن میں علاقہ عمائدین کے ساتھ قریبی روابط رکھنے سمیت علاقائی سطح پر پی ایل سی ممبران کے ساتھ رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کی. ہوائی فائرنگ، منشیات اور اسلحہ کی نمائش کے حوالے سے پولیس افسران کو خصوصی ہدایات دینے سمیت اسٹریٹ کرائمز میں ملوث افراد کے ساتھ قریبی روابط رکھنے والے افراد کی کڑی نگرانی کی بھی ہدایت کی.