• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جمرود سے موٹر کار کے ذریعے لاکھوں روپے مالیت کی ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا.

Feb 13, 2021

(عمران خان خیبر پختون خواہ سے )
کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جمرود سے موٹر کار کے ذریعے لاکھوں روپے مالیت کی ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا. ملزم موٹر کار کے ذریعے 5 کلوگرام ہیروئن پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا. گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات سمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے منشیات ڈیلرز اور اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے ہیں جن کی گرفتاری کی خاطر خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے. گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے.

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایس ایس پی اپریشنز یاسر آفریدی کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت بین الصوبائی منشیات سمگلر گینگ کی جانب سے بھاری مقدار میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اطلاع ملتے ہی شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر ناکہ بندی کرکے چیکنگ کا عمل مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ایس پی رورل سجادحسین کی نگرانی میں ڈی ایس پی ریگی گوہر خان اور ایس ایچ او تھانہ ناصرباغ احمدجان خان دیگر نفری پولیس کے ہمراہ سخی پل میں ناکہ بندی پر موجود تھے کہ اس دوران ایک مشکوک موٹر کار نمبر 6493-LE کو روک کر تلاشی لینے پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 5 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی ہیروئن برآمد کرکے ملزم مصطفی خان ولد حاجی رحمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم کا تعلق بین الصوبائی منشیات سمگلر گینگ سے ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہیروئن سمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے منشیات جمرود سے پنجاب سمگلنگ کرنے کا انکشاف کیا۔ ملزم نے دوران تفتیش اپنے دیگر شریک ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے ہیں جن کی گرفتاری کی خاطر خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔