اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر کاکہناہے کہ انصاف کے حصول کےلئے ہر سطح پر جاوَں گا،جس دن امپائر کی انگلی ہٹ گئی حقیقت سب پر عیاں ہوجائے گی۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کےخلاف مبینہ ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے پر سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا،درخواست گزار اکبر ایس بابر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ خاور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،ڈی جی لا ارشد خان کے سپریم کورٹ میں ہونے کے باعث اجلاس نہ ہوسکا،الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس کل دوپہر 2 بجے طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہاکہ جب میں نے کیس کیا تو عمران خان اسٹے آرڈر کے پیچھے بھاگے، میں انصاف کیلئے انہی اداروں کے پاس جاسکتاہوں، عمران خان6 سال سے مقابلے سے بھاگ رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ سکروٹنی کمیٹی کے فیصلے کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کریں گے ،پی ٹی آئی سیکرٹری فنانس نے فرنٹ اکاﺅنٹس تسلیم کئے ،انہوںنے قبول کیا مڈل ایسٹ سے ملازمین کو پیسہ آیا۔
اکبر ایس بابر نے کہاکہ بہت بڑے پیمانے پر غیرقانونی ٹرانزیکشنزہوئیں ،ہم سکروٹنی کمیٹی میں احتجاجاً بیٹھے ہوئے ہیں،انہوں نے کہاکہ رپورٹ میں کہا گیا ہے چار ملازمین کے اکاﺅنٹس سے ڈونیشنز آئی تھیں ،تحریک انصاف نے ملازمین کے اکاﺅنٹس کااستعمال کیا۔اکبرایس بابر نے کہاکہ یہ بہت بڑاجرم ہے اس پر منی لانڈنگ کا کیس بنتا ہے،اکاﺅنٹس سے کیش چیک کے ذریعے پیسے نکال لئے جاتے تھے ۔