• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سپریم کورٹ کاکٹاس راج مندر کا انتظام پنجاب حکومت سے متروکہ وقف املاک بورڈ کو دینے کاحکم

Feb 15, 2021

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ نے کٹاس راج مندر کا انتظام پنجاب حکومت سے متروکہ وقف املاک بورڈ کو دینے کاحکم دیدیا،عدالت نے کہاکہ وفاقی حکومت مندر کا انتظام متروکہ وقف املاک بورڈ کے حوالے کرے،متروکہ وقف املاک کوحوالگی دو ہفتوں میں یقینی بنائے۔

سپریم کورٹ میں اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی،سپریم کورٹ چیف سیکرٹری پنجاب کی عدم پیشی پر برہم ہو گئی۔

چیف جسٹس گلزاراحمد نے کہاکہ چیف سیکرٹری خود آئے نہ عدالتی حکم پر عمل ہوا،سیکرٹری عملدرآمد پنجاب نے کہاکہ چیف سیکرٹری کابینہ میٹنگ کی وجہ سے مصروف ہیں ،جسٹس مظاہر نقوی نے کہاکہ عدالتی نوٹس ملتے ہی کابینہ میٹنگ کیوں رکھی گئی،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ پرناب مندر کے حوالے سے خط لکھ کر کونساتیرمارا ہے؟،خط و کتابت کرنا سیکرٹری کا نہیں کلرک کاکام ہے،سیکرٹری کاکام احکامات پر عملدرآمدیقینی بناناہوتا ہے،اب 100 سال پرانازمانہ نہیں کہ خط لکھ کر بیٹھے رہیں ۔

دوران سماعت اپوزیشن کے لانگ مارچ کا بھی تذکرہ چھڑگیا، ایڈیشنل اووکیٹ جنرل فیصل چودھری نے کہاکہ پرناب مندر میں تہوار26 مارچ کو منانے کاکہاگیا،26مارچ کو اپوزیشن نے لانگ مارچ کااعلان کررکھا ہے،سیاسی ماحول کی وجہ سے سکیورٹی کی فراہمی مشکل ہوگی،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ پنجاب نے تمام معاملات کو مدنظر رکھنا ہے۔
عدالت نے پرناب مندر کی بحالی اورسیکورٹی احکامات پر 2ہفتے میں عملدرآمد کی رپورٹ طلب کرلی اورکٹاس راج مندر کا انتظام پنجاب حکومت سے متروکہ وقف املاک بورڈ کو دینے کاحکم دیدیا،عدالت نے کہاکہ وفاقی حکومت مندر کا انتظام متروکہ وقف املاک بورڈ کے حوالے کرے، متروکہ وقف املاک کوحوالگی دو ہفتوں میں یقینی بنائے۔