عمران خان خیبر پختون خواہ سے
٭ انسپکٹر جنرل آف پولیس2 خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس۔
٭ اجلاس میں گذشتہ تین سال کے دوران پکڑی گئی گاڑیوں، منشیات اور اسلحہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ۔
٭ عدالتی احکامات کی روشنی میں 3921 گاڑیاں مالکان، جبکہ11 گاڑیاں متعلقہ محکموں کے حوالے۔
٭ 12144 کلو گرام منشیات تلف۔
٭ ضابطہ کی کاروائی کے بعد 22722 اسلحہ و ہتھیار مالکان کے حوالے۔
٭ گاڑیوں، اسلحہ اور منشیات پکڑنے،تلفی اور حوالگی کی ویڈیوز بنائی جائیں۔ آئی جی پی
٭ غیر قانونی گاڑیوں، منشیات اور اسلحہ کی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لائیں۔ آئی جی پی
خیبر پختونخوا پولیس نے صوبہ بھر میں پچھلے تین سالوں کے دوران عدالتی فیصلوں کی روشنی میں 3921 گاڑیاں اور 22722 عدد اسلحہ اصل مالکان کو حوالہ کرنے کے ساتھ ساتھ12144 کلو گرام منشیات تلف کیں۔
یہ تفصیلات انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کو آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک ویڈیولنک کانفرنس کے دوران پیش کی گئیں۔ جس میں صوبہ بھر کے ریجنل پولیس افسروں نے پکڑی گئی گاڑیوں، منشیات کی تلفی اور اسلحہ کی برآمدگی کے سلسلے میں اُٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ،ڈی آئی جی آپریشنز اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے بھی کانفرنس میں شرکت کی ۔
بریفنگ کے دوران آئی جی پی کو بتایا گیا کہ پشاور پولیس نے پچھلے تین سالوں کے دوران عدالتی احکامات کی روشنی 553 گاڑیاں، مردان ریجن نے 2116 گاڑیاں ، بنوں ریجن نے 221 گاڑیاں اور کوہاٹ ریجن نے 1031 گاڑیاں اصل مالکان کے حوالے کیں۔
اسی طرح منشیات کی مد میں پشاور پولیس نے 6819 کلوگرام، مردان ریجن پولیس نے 373کلو گرام،ملاکنڈ ریجن پولیس نے 3005 کلو گرام، بنوں ریجن پولیس نے 275کلو گرام اور ڈیرہ اسماعیل ریجن پولیس نے 1672کلو گرام منشیات تلف کیں۔
آئی جی پی کو اسلحہ وہتھیاروں کی مد میں بھی خیبر پختونخوا پولیس کی پچھلے تین سال کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس دوران پشاور پولیس نے عدالتی احکامات کی روشنی میں 4525 عدد اسلحہ، مردان ریجن پولیس نے 10707عدد اسلحہ ،کوہاٹ ریجن پولیس نے 5374 اسلحہ ، بنوں ریجن پولیس نے 1118عدد اسلحہ اور ڈیرہ اسماعیل خان ریجن پولیس نے 998 اسلحہ اصل مالکان کے حوالے کیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے گاڑیوں اور اسلحہ کی عدالتی فیصلوں کی روشنی میں اصل مالکان کو حوالگی اور منشیات کی تلفی کے سلسلے میں پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ غیر قانونی کاروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف آپریشنز میں مزید تیز لائی جائے۔ بریفنگ کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا کہ مال مقدمہ گمشدگی کی صورت میں پرچے درج کئے جائیں اور گاڑیوں ، اسلحہ اور منشیات پکڑنے، تلفی اور مالکان کو حوالگی کی ویڈیوز بنائی جائیں۔