خانیوال (نمائندہ خصوصی) پنجاب سیڈ کارپوریشن کا بیجوں کی صنعت میں لیڈر کا کردار ہے جو ملٹی نیشنل اور مقامی سیڈ کمپنیوں کے مقابلے میں کسانوں کو تصدیق شدہ معیاری بیج ارزاں نرخوں پر فراہم کر رہا ہے۔ اس اہم ادارہ کی پرائیویٹائزیشن کے متعلق خبریں بالکل بے بنیاد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے ایک اجلاس کی صدارت کے کرتے ہوئے کیا۔ وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن امسال نہ صرف بیج کی رسد اور طلب کو برقرار رکھے ہوئے ہے بلکہ کاشتکاروں کو منظور شدہ اقسام کے بیج کی جانب راغب کرنے کے لئے مختلف پروگرام بھی ترتیب دئیے جارہے ہیں۔ کاشتکاروں کو کپاس کی فصل کے معیاری بیج کی فراہمی کے لئے اس ادارہ کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔ پنجاب سیڈ کارپوریشن اہم فصلوں کے تصدیق شدہ بیجوں کی فراہمی کے ذریعے زرعی فی ایکڑ پیداوار کے اضافہ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ پنجاب سیڈ کارپوریشن نے پچھلے دو سالوں کے دوران مختلف فصلات (گندم، کپاس، دھان، مکئی، چارہ جات، دالوں اور سبزیات) کا محکمہ زراعت کی تصدیق شدہ اقسام کا بیج بالترتیب 48 ہزار 110 ملین ٹن اور 57 ہزار 961 ملین ٹن کاشتکاروں کو فراہم کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں کاشتکاروں کی خوشحالی سرفہرست ہے اور اس ضمن میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کو مزید مستحکم بنانے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ فصلوں کے منظور شدہ اقسام کے تصدیق شدہ بیج کے استعمال سے زرعی پیداوار اور کاشتکاروں کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔