بیور چیف عمران خان خیبر پختون خواہ سے
ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ فرائض کی بہترین ادائیگی سے پولیس فورس کی قدر و منزلت میں اضافہ کرنیوالے تمام افسران وجوان فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انکی ہر فورم پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ریجن پولیس آفس کوہاٹ میں کوہاٹ اور کرک کے پولیس افسروں اور جوانوں میں نقد انعامات اور توصیفی اسنادتقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ نے مجرمانہ سرگرمیوں کے بہتر سد باب اور علاقائی امن وامان برقرار رکھنے کے سلسلے میں پولیس کی پروفیشنلزم اور دن رات سخت کاوشوں کو سراہا۔ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ معاشرتی جرائم کی بیخ کنی،منشیات فروشوں اور سمگلروں کی سرکوبی،اندھے قتل کی وارداتوں میں ملوث ملزمان اور سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کو کامیابی سے ہمکنار کرنا پولیس کی پیشہ ورانہ کمٹمنٹ اور اچھی پولیسنگ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ ریجن بھر میں بہترین پولیسنگ کا کریڈٹ اچھی کارکردگی کے حامل پولیس افسران و جوانوں کو برابر جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ کردار کی بدولت مشکل اور چیلنجنگ کیسز کامیابی سے ورک آؤٹ ہورہے ہیں۔ریجنل پولیس آفیسر نے امید ظاہر کی کہ پولیس کا ہر افسر اور جوان آئندہ بھی علاقائی امن کو برقرار رکھنے اور جرائم میں ملوث ا فراد کے خلاف گھیرا تنگ کرکے ان کو قانون کے کٹھہرے میں کھڑا کرنے کی بھر پور کوشش کرینگے۔ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ سزا کی بجائے انہیں فورس کے جوانوں کو انعام دینے سے بے انتہا پیشہ ورانہ طمانیت اور خوشی ملتی ہے اور انعام یافتگان پر زور دیا کہ وہ ہر ایک وقوعہ کو اپنے لئے بطور چیلنج سمجھ کر فرائض سرانجام دیں اور اپنی بہترین کارکردگی سے آئندہ بھی پولیس فورس کا نام روشن کریں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کیساتھ عوام نے بہت زیادہ توقعات وابستہ کر رکھی ہیں لہٰذا پولیس افسران وجوان خدت خلق اور پیشہ ورانہ جذبے سے سرشار ہوکر اپنے اہداف کے حصول کیلئے آگے بڑھیں اور لوگوں کی سہولت کیلئے اپنی پور ی استعدادی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ریجن پولیس آفس کوہاٹ میں منعقد ہ تقسیم انعامات کی تقریب کے دوران انعام حاصل کرنیوالے پولیس افسران اور جوانوں میں کوہاٹ اور کرک پولیس کے کانسٹیبل سے لیکر ڈی ایس پی رینک کے افسران اور ایڈمنسٹریل سٹاف کے اہلکار شامل تھے۔