• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پاکستان فورم منطقہ شرقیہ کی جانب سے ڈاکٹر پیر زادہ ماہر امراض چشم اور اس شعبہ کے سربراہ کے اعزاز میں ایک الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا،

Mar 10, 2021

دمام ( راجہ عابد عزیز ) پاکستان فورم منطقہ شرقیہ کی جانب سے معروف سماجی شخصیت محترم ڈاکٹر پیر زادہ ماہر امراض چشم اور اس شعبہ کے سربراہ، جو کہ عرصہ اکتیس سال سے المانع ہسپتال میں اپنی خدمات انجام دے رہے تھے، کے اعزاز میں ایک الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا،جس میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے پاکستانی اور شعبہ طب سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز آپس کے تعارف سے شروع ہوا، دوستوں نے اپنے اپنے جذبات کا اظہار کیا، چوہدری صدیق نے خوبصورت الفاظ میں ڈاکٹر پیرزادہ کے لئے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنا تعارف پیش کیا۔
جس کے بعد ڈاکٹر پیرزادہ کو گفتگو کی دعوت دی گئی۔انہوں نے اپنا تعارف کروایا اور کہا کہ وطن واپس لوٹتے ہوئے کوئی پریشانی نہیں، مملکت سے دوری کا غم تو ہے اور جس ادارے کو اپنی آنکھوں سے پروان چڑھتے دیکھا ہو اس سے دلی لگاؤ تو ہوتا ہے مگر اپنے ملک کی خدمت کے جذبہ سے لبریز دل کے ساتھ جارہا ہوں، حسب استطاعت اپنی خدمات انجام دیتا رہوں گا، اس بات کا فیصلہ انہوں نے ایک سال قبل کر لیا تھا۔ جس پر عملدرآمد وہ اب کر رہے ہیں۔مزید انہوں نے کہا کہ مال کی قربانی تو شاید آسان ہو وقت کی قربانی مشکل کام ہے، اور میں ان شاءاللہ میں یہ قربانی حتی الامکان دینے کی کوشش کرتا رہوں گا، اس ضمن میں وہ بعض اداروں سے فی سبیل اللّٰہ وقت دینے کی بات بھی کر چکے ہیں۔
دوستوں نے ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اپنی خدمات پیش کیں۔
صدر پاکستان فورم یعقوب سیفی نے کہا کہ جس طرح ڈاکٹر صاحب یہاں مملکت میں اپنی خدمات انجام دیتے رہے ہیں اسی طرح اپنے وطن کے لئے بھی جاری رکھیں گے ان شاءاللہ، انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ ان کا متبادل مہیا کر دے اور ڈاکٹر صاحب کو اللّٰہ تعالیٰ ہمت اور طاقت دے تا کہ وہ اپنے وطن جوکہ اصل محاذ ہے، میں اپنے ہموطنوں کے لئے کام کر سکیں تقریب کے آخر میں
صدر پاکستان فورم نے کمیونٹی اور فورم کی جانب سے محترم ڈاکٹر پیرزادہ صاحب کو کمیونٹی خدمات کے حوالے سے خوبصورت اعزازی شیلڈ پیش کی جس پر ڈاکٹر پیرزادہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا