عمران خان خیبر پختون خواہ سے
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی آج ضلع صوابی میں واقع مرحوم ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد یامین خان کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ گہرے رنج وغم اور دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
آئی جی پی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب عطا فرمائے اور غمزدہ خاندان کویہ نا قابل تلافی نقصان صبر وتحمل سے برداشت کرنے کی توفیق عطافرمائے۔ مرحوم کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے کہا کہ محمد یامین خان ایک نہایت پیشہ ور، قابل و ذہین ، محنتی اور نڈر پولیس آفیسر تھے اور اپنے پیشے سے بے حد پیار کے ساتھ ساتھ جذبہ خدمت ان میں کوٹ کوٹ کر بھرا تھا۔ آئی جی پی نے کہا کہ محمد یامین خان کی وفات سے پولیس فورس ایک نہایت ہی قابل پولیس آفیسر سے محروم ہوگئی اور ان کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلاءتا دیر پرُ کیا جائیگا ۔آئی جی پی نے کہا کہ پولیس فورس کے لئے اُن کی گراں قدر خدمات فورس کے افسروں و جوانوں کے لیے مشعل راہ کا کام دے گی، جو مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔
محمد یامین خان1962 میں ضلع صوابی میں پیدا ہوئے اور ایم اے تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد پولیس فورس میں بطور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس شمولیت اختیار کی۔ 30سال اور 6ماہ ملازمت کے دوران آپ مختلف عہدوں پر فائز رہے ۔
جن میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز چارسدہ، ایس ڈی پی او چارسدہ، ڈی ایس پی ایف آر پی سوات، ایس ڈی پی او تنگی چارسدہ، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز مردان ، ڈی ایس پی سپیشل برانچ، ایس ڈی پی او غازی ہری پور، ڈی پی او سوات(دوبار)، ڈی پی او لوئر دیر، ڈی پی او بٹگرام، ڈی پی مانسہرہ، ڈی پی او لکی، ڈی پی او مردان ( دوبار) ڈی پی او نوشہرہ، ایس پی ہیڈ کوارٹرز پشاور، ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ،، ایس پی ا نوسٹی گیشن پشاور، ایس پی سی ٹی ڈی پشاور، ایس ایس پی انوسٹی گیشن خیبر پختونخوا، ایس ایس پی کوآرڈنیشن پشاور، ڈائریکٹر انٹی کرپشن، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سی پی او، ڈی آئی جی انکوائری سی پی او، ڈی آئی جی آپریشنز سی پی او اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن بنوں شامل ہیں۔ سال 2016 میں آپ کا تبادلہ صوبہ بلوچستان کیا گیا۔ جہاں پر تین سال خدمات سرانجام دینے کے بعد آپ کا تبادلہ واپس خیبر پختونخوا کرایا گیا۔ اس کے بعد آپ ڈی آئی جی ٹریفک خیبر پختونخوا اور ڈی آئی جی کرائم اینڈ انوسٹی گیشن خیبر پختونخوا فرائض سرانجام دیتے رہے۔ آپ کئی ایک ملکی اور غیر ملکی مشن کا حصہ بھی رہے۔
واضح رہے کہ سال 2005 میں رونما ہونے والے تاریخی ہولناک زلزلے کے دوران آپ بطور ڈی پی او مانسہرہ تعینات تھے۔ آپ نے زلزلے سے متاثرہ افراد کو نکالنے اور امدادی سرگرمیوں میں نمایاں اور گراں قدر خدمات انجام دی تھیں، جس پر حکومت نے آپ کو ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔