• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی

Mar 28, 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی)قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی،دورے کے دوران ایک 4روزہ اور پانچ ون ڈےمیچز کھیلے جائیں گے۔

اس دورے کے لیے منتخب کردہ قومی انڈر 19 اسکواڈ میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے کہ جو یکم ستمبر 2002 یا اس کے بعد پیدا ہوئے ہیں۔ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2022 میں کھلاڑیوں کی شرکت کے لیے آئی سی سی نے بھی عمر کی یہی اہلیت مقرر کر رکھی ہے۔ دورے کے انعقاد کا مقصد مستقبل کے ستاروں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ سال ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کی تیاریوں میں مزید بہتری لانا ہے۔ اس سے قبل ان کھلاڑیوں نے ایک طویل دورانیے کے کیمپ میں بھی شرکت کر رکھی ہے، یہ کیمپ رواں سال کے آغاز میں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں منعقد کیا گیا تھا۔

دورے کی تیاریوں کی غرض سے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ دو سے 11 اپریل تک لاہور میں لگایا جائے گا۔ جہاں پچاس اوورز پر مشتمل دو اور واحد تین روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلا جائے گا۔قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی نے ہیڈ کوچ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی مشاورت سے دورے کے لیے 20 رکنی قومی انڈر 19 اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔

قومی انڈر 19 اسکواڈ میں عباس علی ، عبد الفصیح ، عبدالواحد بنگلزئی ، فہد منیر ، معاذ صداقت ، محمد عرفان نیازی ، محمد شہزاد ، قاسم اکرم اور رضوان محمود،حسیب اللہ اور رضا المصطفیٰ،عالیان محمود ، علی اسفند ، ارحم نواب اور فیصل اکرم، احمد خان ، عاصم علی ، منیب واصف ، طاہر حسین اور ذیشان ضمیر شامل ہیں۔

ہیڈ کوچ اور منیجر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم اعجاز احمد نے کہا ہے کہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر اعجاز احمد نے کہا کہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 کی فاتح بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کے خلاف یہ سیریز ہمارے کھلاڑیوں کو صلاحیتیں نکھارنے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکواڈ میں ایسے باصلاحیت کھلاڑی بھی موجود ہیں کہ جو ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی اپنی قابلیت کا مظاہرہ کامیابی سے کرچکے ہیں۔سکواڈ میں شامل عبدالواحد بنگلزئی، فہد منیر، قاسم اکرم، محمد شہزاد، طاہر حسین اور عرفان نیازی گزشتہ سال آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کھیلے چکے ہیں لہٰذا یہ دورہ انہیں اپنے کھیل میں مزید نکھار لانے کا موقع فراہم کررہا ہے۔ اس سیریز کے انعقاد سے ہمیں آئندہ سال آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے قومی انڈر 19 اسکواڈ کی تشکیل میں معاونت ملے گی۔