ڈیرہ اسماعیل خان
تاجرتنظیموں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اورضلعی پولیس سربراہ کو سرکلرروڈ اوراندرون شہرناجائز تجاوزات کے خاتمے میں تعاون کی یقین دہانی کروادی، ایک ہفتہ میں تجاوزات کے خاتمے کی یقین دہانی اوربعدمیں کاروائی اوربھاری جرمانے عائد ہوں گے، ٹریفک سگنلزکی بحالی اورلائسنس رکھنے والے ڈرائیورز ہی چنگ چی رکشہ چلانے کے اہل قرار، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کریں گے، ڈپٹی کمشنر عارف اللہ اعوان اورضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)نجم الحسنین لیاقت۔
اجلاس میں ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر) نجم الحسنین لیاقت کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد اقبال وزیر، ایڈیشنل ایس پی اسلم خٹک، سیکرٹری آرٹی اے پیر خالد ، ٹی ایم او عمرخان کنڈی ،ڈائریکٹرNHA اور قائم مقام اسسٹنٹ کمشنرڈیرہ راؤ محمد ہاشم نے شرکت کی۔
اجلاس میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے سرکلرروڈپر لگائے گئے ٹریفک سگنلزکوفوری بحال کرنے اور روڈوں پریوٹرنزکوکم کرنے کا فیصلہ ہوا۔ غیرقانونی بس اڈوں کے خلاف کاروائی کیا جائیگی۔ چنگ چی رکشہ صرف لائسنس رکھنے والے ڈرائیورز ہی چلائیں گے۔ بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف کاروائی کا بھی فیصلہ کیاگیاجب کہ سرکلرروڈ پربجلی کے پولوں کو پیچھے ہٹانے کے لیے پیسکو واپڈا کوہدایت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عارف اللہ اعوان اورضلعی پولیس سربراہ نجم الحسنین لیاقت نے کہاکہ ٹریفک کے مسائل کے حل اورناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے تاجربرادری کاکرداراہم ہے ۔ تاجران کی مشاورت سے ہی مسائل پر قابوپائیںگے۔