• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

حکومت نے آصف علی زرداری کے خلاف سوئس اکاؤنٹس کیس نئے سرے سے کھولنے کا عندیہ دے دیا

Apr 2, 2021

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے خلاف سوئس اکاونٹ دوبارہ کھولے جاسکتے ہیں،براڈ شیٹ کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر)عظمت سعید نے سوئس اکاونٹس کا اوریجنل ریکارڈ ریکور کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ معاملے پر احمر بلال صوفی سمیت 5افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے،طارق فواد جنہوں نے براڈ شیٹ کا معاملہ شروع کرایاان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔کورونا کے حوالے سے ​98فیصد پاکستانیوں کو مفت ویکسین لگائی جائے گی۔ باقی دو فیصد لوگ جو لائن میں لگنا نہیں چاہتے انکو قیمت دینے پر ویکسین کی سہولیت دینگے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کورونا کی دو لہروں کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا،کوشش کررہے ہیں کہ تیسری لہر کا بھی کامیابی سے مقابلہ کریں۔روسی ویکسین کے متعلق سندھ ہائی کورٹ میں کیس چل رہا ہے عدالتی فیصلے کے بعد اسکی قیمت مقرر کی جائے گی۔چینی کی زیادہ پروڈکشن دو خاندانوں کے پاس ہے جن میں زرداری اور شریف خاندان شامل ہیں۔انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے الیکڑانک ووٹنگ مشینوں کو کافی سراہا ہے اور مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کشمیر کے الیکشن کا ایک حصہ ہم الیکڑانک ووٹنگ مشینوں پر کرینگے۔ہم چاہتے کہ الیکشن اصلاحات کے عمل میں اپوزیشن بھی شریک ہو،ایسا سسٹم لانا چاہتے ہیں جس پر سب اعتبار کرسکیں۔سرکاری اداروں میں پڑی ہوئی خالی آسامیوں کو مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔