• Fri. Oct 18th, 2024

News Time HD TV

Ansar Akram

ایران پر حملے کا نتیجہ حملہ آور کی تباہی کی صورت میں نکلے گا:سربراہ پاسدارانِ انقلاب

Sep 22, 2019

تہران(نمائندہ خصوصی)ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے اپنے ملک پر حملے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے کسی بھی حملے کا نتیجہ حملہ آور کی تباہی کی صورت میں نکلے گا۔جنرل حسین سلامی کا یہ بیان گذشتہ ہفتے سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں فوجی بھیجنے کے واشنگٹن کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔تہران نے اس حملے میں ملوث ہونے کے الزام کی تردید کی ہے۔اس سے قبل امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے کہا تھا کہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی درخواست پر امریکہ نے سعودی عرب میں اپنی افواج بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، ان فوجوں کی تعیناتی ‘دفاعی نوعیت’ کی ہو گی،فوجیوں کی مجموعی تعداد کے بارے میں حتمی فیصلہ فی الحال نہیں کیا گیا۔اس سے قبل، یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے پچھلے ہفتے سعودی تیل تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی البتہ امریکہ اور سعودی عرب نے ان حملوں کی ذمہ داری ایران پر ڈالی ہے۔ مارک ایسپر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اس حوالے سے مدد کی درخواست کی تھی،ان فورسز کی مدد سے دونوں ملکوں کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو بہتر بنایا جائے گا اور امریکہ انھیں دفاعی سامان فراہم کرنے میں تیزی لائے گا۔جنرل ڈنفورڈ نے فوجوں کی تعیناتی کو معتدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوجیوں کی تعداد ہزاروں میں نہیں ہو گی تاہم انھوں نے فورسز کی قسم سے متعلق مزید معلومات فراہم کرنے سے گریز کیا۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق جب صحافیوں نے مارک ایسپر سے سوال کیا کہ کیا ایران پر فضائی حملے اب بھی زیرِ غور ہیں تو وزیر دفاع نےجواب دیا کہ ہم ابھی اس حد تک نہیں پہنچے۔