کراچی(نمائندہ خصوصی)بین الاقوامی شہرت رکھتے والے پاکستان کے گلوکار و اداکار علی ظفر نے بھارت میں جاری کورونا کی شدید تباہ کاریوں کے پیش نظر پریشان حال بھارتیوں کیلئے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق علی ظفر نے انسٹا گرام پر جاری ویڈیو پیغام کہا کہ ہندوستان کے لوگوں جس مشکل وقت اور حالات سے آپ لوگ گزر رہے ہیں اس کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ یہاں پاکستان میں بھی بہت لوگ مشکل میں ہیں، پریشان ہیں، لیکن شاید یہی وہ مشکل گھڑیاں ہوتی ہیں جن میں ہم یہ دیکھتے اور سیکھتے ہیں کہ انسانیت کیا ہے اور انسانیت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوتا۔علی ظفر نے کہا اس مشکل وقت اورگھڑی میں، ہم پاکستانی آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، اور آپ کے لیے دعا گو ہیں۔ خدا آپ کو تندرستی عطا فرمائے، آپ کی مشکلیں چھٹ جائیں، جلد از جلد خوشحالی آئے۔ یہی دعا تمام پاکستانیوں کے لیے اور دنیا کے تمام لوگوں کے لیے ہے۔ آئیے سب مل کر دعا کرتے ہیں ایک دوسرے کے لیے دل سے یہی وقت کی ضرورت ہے۔“
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 4 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے تھے۔ جب کہ 3979 افراد اس وائرس کے باعث ہلاک بھی ہوگئے۔ اس کے علاوہ بھارت کے کئی شہریوں میں مریضوں کے لیے آکسیجن نہیں مل رہی جس کی وجہ سے حالات مزید بدتر ہوگئے ہیں۔