• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

صوبائی حکومت نے بین الصوبائی اور شہروں کے درمیان پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی لگادی

May 8, 2021

کراچی(ویب ڈیسک) سندھ کی صوبائی حکومت نے شہروں اور صوبوں کے درمیان چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کردی، واضح رہے کہ نوٹی فکیشن کے مطابق بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر 8 سے 16 مئی تک پابندی لگائی گئی ہے۔

سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ پر ایک ہفتے کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے، صوبے میں شہروں کے اندر بھی بس، منی بس، کوچز اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہے۔

دریں اثنا سہراب گوٹھ پولیس نے کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے اندورن ملک آنے اور جانے والی بسوں اور کوچز کے سہراب گوٹھ بس ٹرمینل کو سربمہر کردیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 9 مسافر کوچز کو ضبط کرکے 9 ڈرائیورز سمیت 15 افراد کو گرفتار کرلیا۔مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے شیلنگ کی، پولیس نے موقع سے گیارہ بسیں ضبط جبکہ ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔

ایس ایچ او سہراب گوٹھ انسپکٹر عبدالرسول سیال نے بتایا کہ شکایت پر پولیس کی نفری انٹرسٹی بس اڈے پر پہنچی تو ملازمین و ڈرائیورز نے پولیس کا گھیراؤ کرلیا جس پر مزید نفری طلب کی گئی، ڈرائیورز نے بسیں چلانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے انھیں منع کیا ، نہ ماننے پر صورتحال کشیدہ ہوگئی جس کے باعث پولیس نے شیلنگ کی اور مظاہرین کو منتشر کردیا۔