یروشلم(مانیٹرنگ ڈیسک) 35سالہ فلسطینی اداکارہ میساءعبدالہادی بھی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہو گئیں۔ 24نیوز کے مطابق اداکارہ حالیہ دنوں میں ایک پرامن مظاہرے میں شریک تھیں جہاں مظاہرین پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر دی اور میساءعبدالہادی بھی گولی لگنے سے زخمی ہو گئیں۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کو طبی امداد دی گئی۔
میساءعبدالہادی نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا ہے کہ ”میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف دیگر عام شہریوں کے ہمراہ حیفا کے علاقے میں پرامن مظاہرے میں شریک تھی کہ ہم پر حملہ کر دیا گیا۔میں اس مظاہرے میں شرکت کرکے اسرائیل کا بھیانک چہرہ دنیا کو دکھانا چاہتی تھی اور بتانا چاہتی تھی کہ فلسطینیوں پر کتنے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ “
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ”اب میری حالت بہتر ہے تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مجھے مکمل صحت یاب ہونے میں وقت لگے گا۔“ واضح رہے کہ میساءعبدالہادی بغداد سنٹرل، تل ابیب آن فائرز، دی رپورٹس آف سارہ اینڈ سلیم، دی اینجل، دی ورتھ اور آئیز آف اے تھیف جیسی تھرلر کرائم فلموں اور ویب سیریز میں کام کر چکی ہیں۔