لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ سمیت معیشت کے دیگر شعبوں میں بہتری آئی ہے، پائیدار معاشی ترقی کے اعداد و شمار پر اپوزیشن کا ٹولہ منافقت سے کام لے رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معیشت میں بہتری کو اپوزیشن کی جانب سے اعداد کا ہیر پھیر کہنے پر سردار عثمان بزدار نے رد عمل میں کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے، صنعت کا پہیہ چل رہا ہے اورزرعی شعبہ میں نمایاں گروتھ ہے، معیشت کی اے بی سی سے ناواقف اپوزیشن صرف پوائنٹ سکورنگ میں لگی ہوئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ ٹولہ صرف پاکستان کی ترقی کو روکنے کے درپے ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی استحکام کے سفر پر گامزن ہے، ایسے وقت اپوزیشن کی جانب سے احتجاجی سیاست کرنا پاکستانی عوام سے دشمنی کے مترادف ہے، منفی سیاست کرنے والے یاد رکھیں کہ ان کی آر پار،استعفوں اورلانگ مارچ کی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے، اب یہ عناصر معیشت کی ترقی پر پریشان نظر آتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کا خواب حقیقت میں بدل رہاہے، مخالفین کی پہلے کی طرح اب بھی ہرسازش بری طرح ناکام ر ہے گی، نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا اور مخالفین ہمیشہ کی طرح پیچھے رہ جائیں گے۔