• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

” میرے ساتھ اتنا کچھ کرکے اب مظلوم بن رہی ہو” عاصم اظہر سابقہ گرل فرینڈ ہانیہ عامر پر برس پڑے

Jun 7, 2021

کراچی (نمائندہ خصوصی) گلوکار عاصم اظہر نے اپنی سابقہ گرل فرینڈ ہانیہ عامر کو سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں عاصم اظہر نے کہا کہ ” اب بات یہاں آ ہی گئی ہے تو گزشتہ ڈیڑھ سال سے وہ لوگ اور ان کے حمایتی کہاں تھے جب ہر چیز کا نشانہ میں تھا، لوگ مجھے لگاتار ہراساں کر رہے تھے اور میرے خلاف باتیں کر رہے تھے، میں پورا ڈیڑھ سال خاموش رہا اور اب ایک ہی ایسی پوسٹ سے سب کے جذبات مجروح ہوگئے ہیں جو اصل میں کسی کیلئے تھی ہی نہیں ۔”

گلوکار نے اپنی پوسٹ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ پوسٹ اس لیے کی تھی کیونکہ وہ پچھے ڈیڑھ سال سے اپنے کام سے کام رکھ رہے ہیں اور بہت خوش ہیں، وہ اپنی فیملی کو وقت دے رہے ہیں اور بہترین موسیقی تخلیق کر رہے ہیں۔

گلوکار نے شکوہ کیا کہ جب پوری دنیا ” کٹ گیا، کٹ گیا” کہہ کر مزے لے رہی تھی تو ان کی مدد کیلئے کوئی بھی آگے نہیں بڑھا، کچھ لوگ تو اپنی پوسٹس کے نیچے میرے خلاف کیے گئے کمنٹس کو پِن کر رہے تھے۔ بالواسطہ کیپشن بھی لکھ رہے تھے، لائیو سیشنز میں میرے بارے میں باتیں کر رہے تھے، اور اب سب کچھ کرکے مظلوم بن رہے ہیں؟ منافقت کی بھی حد ہوتی ہے۔

گلوکار نے واضح کیا کہ ہانیہ عامر کا ٹاپک آج کے بعد ان کیلئے بند ہوگیا ہے، ویسے تو پہلے سے ہی یہ بند تھا اور انہوں نے اس بارے میں کبھی کچھ نہیں کہا لیکن اب کچھ لوگوں بتانا ضروری ہے کہ انسان کی سننے کی بھی حد ہوتی ہے، اگر آپ انسان ہیں تو میں بھی انسان ہی ہوں، اس وقت جو بھی ہو رہا ہے وہ بہت ہی افسوسناک ہے، امید ہے کہ سب لوگ اس سے سبق حاصل کریں گے۔

خیال رہے کہ ہانیہ عامر کی معروف ڈائریکٹر وجاہت رؤف کے صاحبزادوں کے ساتھ ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کے بعد عاصم اظہر نے ایک ٹویٹ میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بال بال بچ گئے۔ سابق بوائے فرینڈ کی ٹویٹ کے جواب میں ہانیہ عامر نے کہا کہ ” یا تو آپ ایک سلیبرٹی ہوسکتے ہیں یا پھر ایک ایسے قابلِ نفرت ایکس (سابق محبوب) جس کی کوئی عزت نہیں ہے۔”

عاصم اظہر اور ہانیہ عامر نے ایک دوسرے کے بارے میں نام لیے بغیر پوسٹس کیں جس کے بعد بہت سے لوگ اداکارہ کی حمایت میں سامنے آئے اور گلوکار کو تنقید کا نشانہ بنانے لگے۔ ان ساری پوسٹس کو ہانیہ عامر نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر شیئر کیا۔ جب اداکارہ کھل کر سامنے آئیں تو گلوکار عاصم اظہر نے بھی دل کھول کر دل کی بھڑاس نکالی جس کا اوپر تذکرہ کیا جا چکا ہے۔