• Fri. Oct 18th, 2024

News Time HD TV

Ansar Akram

ایف آئی اے آفیسرز اپنی سروس کو انتقامی کارروائی کی نذر نہ کریں، رانا ثنااللہ کا اہم پیغام

Jun 19, 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ جب قومی احتساب بیورو(نیب ) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف کچھ ثابت نہیں کرسکا تو حکومت نے وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے) کو استعمال کرنا شرو ع کردیا ہے، میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور دیگر افسرا ن کو کہنا چاہتا ہوںکہ آپ کی جتنی بھی سروس ہے بہت اچھی گزری ہوگئی مگر اب اپنی سروس کو شہباز شریف کے خلاف ہونے والی انتقامی کارروائی کی نذر نہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق انسداد منشیات عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت نے تین سال میں انتقامی کارروائیوں کے سو اکچھ نہیں کیا، ملکی سیاست کوخراب کرنے کیلئے ڈرامہ رچایاگیاہے اور کوئی بھی اب اس احتساب پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں ہے،احتساب کاڈرامہ پوری دنیا میں ذلیل و خوار ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے خلاف بھی شوگر سیکنڈل میں انتقامی کارروائی ہورہی تھی مگر این آر او نہ دینے کا دعویٰ کرنے والی حکومت نے قومی اسمبلی سے بجٹ پاس کرانے کی خاطر جہانگیر ترین کو این آر او دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب شہباز شریف کے خلاف کرپشن کے حوالے سے انکوائری کرچکا ہے ، قائد حزب اختلاف کو ایک سال تک جیل میںرکھاگیا ، ان کا چار ماہ کا جسمانی ریمانڈ بھی لیا گیا ، مگر شہباز شریف کے خلاف کرپشن کی ایک پائی بھی ثابت نہیں ہوسکی ہے اور وہ سرخرو ہوئے ہیں۔
علاوہ ازیں رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات سمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی،لیگی رہنما انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے،جج کی عدم تعیناتی کے باعث کیس میں کوئی پیش رفت نہ ہوئیجس کے باعث رانا ثنا اللہ پر تاحال فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔
انسداد منشیات عدالت نے کیس پر مزید سماعت 31جولائی تک ملتوی کردی۔