بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے) ڈی پی او محمد فیصل کامران کی ہدایت پر پولیس کا دھوکہ دہی اور فراڈ کرکے سادہ لوح افراد کو لوٹنے والے گینگ کے خلاف کامیاب آپریشن، ملزمان گرفتار، کثیر تعداد میں موبائل فونز، ڈیوائسز اور سمز وغیرہ برآمد،
آئی جی پنجاب انعام غنی اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان کی پالیسی کے تحت ڈی پی او محمد فیصل کامران کی ہدایت پر بہاول پور پولیس نے احساس سنٹر اور بینظیر انکم پروگرام کا جھانسہ دیکر سادہ لوح افراد کو لوٹنے والے ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان میں شہباز اسماعیل، محمد رمضان، طاہر عباس، محمد گلزیب اور سید ثقلین شامل ہیں، ملزمان بہاولپور کے مختلف علاقوں کے رہائشی ہیں۔ ملزمان مختلف پسماندہ اور دور دراز کے علاقوں میں لوگوں سے فنگر پرنٹس لگوا کر غیر قانونی طریقے سے سمز رجسٹر کرواتے تھے۔ ملزمان ان فنگر پرنٹس کو مختلف وارداتوں اور ان کی پرائیویسی تک رسائی کیلئے بھی استعمال کرتے تھے۔ اس کے علاوہ ملزمان رجسٹرڈ سمز کو تخریب کاری اور غیر قانونی سرگرمیوں میں بھی استعمال کرتے تھے۔ ملزمان مختلف لوگوں کے اکاؤنٹس سے رقوم بھی نکلواتے تھے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مختلف کمپنیز کی رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ سمیں برآمد بھی کیں۔ مزید ملزمان سے کثیر تعداد میں بائیو میٹرک ڈیوائسز، موبائل فونز، لیپ ٹاپس، پرنٹرز اور فنگر پرنٹس لگانے والے آلات بھی برآمد کیے گئے۔ ملزمان کے خلاف سٹی حاصل پور میں مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی۔ اس موقع پر ڈی پی او محمد فیصل کامران نے کہا کہ ایسے کریمینل مائنڈ افراد ملک و قوم کو بھاری نقصان بھی پہنچا سکتے تھے۔ مستحق اور غریب عوام کا حق چھیننے والے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ڈی پی او نے بہترین پرفارمنس پر بہاول پور پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔