• Thu. Jul 3rd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں ایک تقریب منعقد ہوئی

Jul 11, 2021

خیبر پختونخواں( بیورو چیف عمران خان) ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں دہشت گردوں کے خلا ف جنگ میں مختلف کاروائیوں کے دوران شرپسندوں کے ساتھ مقابلوں میں زخمی ہونے والے 70سے زائد پولیس اہلکاروں میں امدادی رقوم اور چیکس تقسیم کئے گئے ۔انسپکٹر جنرل آف پولیس معظم جاہ انصاری جو تقریب کے مہمان خصوصی تھے نے زخمی پولیس اہلکاروں میں امدادی چیک تقسیم کئے ۔
سی سی پی او عباس احسن ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرزرائے بابر سعید ،چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید مروت،کمانڈنٹ کیمپس محمد حسین، ڈی پی او ضلع خیبر وسیم ریاض، ایس ایس پی آپریشنز یاسر آفریدی، ایس ایس پی انوسٹی گیشن شہزادہ کوکب فاروق اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔تقریب میں ایسے غازیوں نے بھی شرکت کی جو چلنے پھرنے سے قاصر تھے ۔ آئی جی پی خود ہر ایک غازی کے سیٹ پر جاکر ان سے گلے ملے اور ان میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے ۔70غازیوں میں تقریبا 20لاکھ سے زائد رقوم بطور امداد تقسیم کئے گئے اور ان کے علاج ومعالجے اور درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہی حاصل کی اور موقع پر ان کو حل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی معظم جاہ انصاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے غازی اور شہداءہمارا فخر اورمان ہیں ۔خیبر پختونخوا پولیس کے غازیوں اور شہداءنے فرائض کی ادائیگی میں ملک وقوم اور عوام کی حفاظت کے لئے اپنی خون سے جو تاریخ رقم کی ہے پوری دنیا میں اس طرح کی فرض شناسی کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔آئی جی پی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلا ف جاری جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے تقریبا 1800اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جس میں کانسٹیبل سے لیکر ایڈیشنل آئی جی پی کے رینک تک کے افسروجوان شامل ہیں ۔ صرف پشاور میں 311نوجوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 471اہلکار زخمی ہوئے، آئی جی پی نے غازیوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کے علاج معالجے پر اب تک جتنی رقم خرچ ہوچکی ہے یا ہورہی ہے یا خرچ ہوگی ۔صوبائی حکومت ایک ایک پیسہ غازیوں کو ادا کرے گی ۔ آئی جی پی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پولیس کے غازیوں اور شہداءکی قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔بالخصوص وریر اعلیٰ خیبر پختونخوا پولیس کے غاریوں اور شہداءکے خاندانوں کی ہر ممکن مدد کےلئے تیار ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ غازیوں اور شہداءکے ورثاءکی فلاح و بہبود اور ان کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے ۔آئی جی پی نے غازیوں میں امدادی رقوم تقسیم کرنے کی اس تقریب کو بارش کا پہلاقطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایک غازی اور شہید کے گھرپہنچیں گے ۔اور صوبے بھر کے ریجنل پولیس افسروں کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ریجن میں اس قسم کی تقاریب کا اہتما م کرکے غازیوں اور شہداءکی قربانیوں کی ستائیش کریں انہیں عید قربان اور دیگر تہواروں میں بھی غازیوں اور شہداءکے گھر پر جاکر ان کی خوشیوں میں شریک ہونے کی بھی ہدایت کی ۔آئی جی پی نے کہا کہ 4اگست کو یوم شہداءپولیس کو شایان شان طریقے سے منایا جائے گا اور غازیوں کو ان تقاریب میں بطور مہمان خصوصی بلایا جائے گا ۔آئی جی پی نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا پولیس آئندہ بھی ملک وقوم کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لئے قربانیوں کی داستان اسی طرح رقم کرتے رہیگی ۔آئی جی پی نے غازیوں کے جذبے اور ہمت وعظمت کو کھڑے ہوکر سلوٹ پیش کیا ۔