• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

محکمہ خواندگی وغیر رسمی تعلیم پنجاب کے زیراہتمام سنٹرل جیل میں تعلیم بالغان کے 5 مرکز قائم کردیے گئے ہیں

Aug 25, 2021

ساہیوال (خاورعلی چوہدری سے)محکمہ خواندگی وغیر رسمی تعلیم پنجاب کے زیراہتمام سنٹرل جیل میں تعلیم بالغان کے 5 مرکز قائم کردیے گئے ہیں تاکہ مخصوص تعلیمی کورس کے ذریعے اَن پڑھ قیدیوں کو خواندہ بنایا جاسکے۔ڈپٹی کمشنربابر بشیرنے سنٹرل جیل میں تعلیم بالغان مراکز کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک انصاف چوہدری نوریز شکور خان، سپرنٹنڈنٹ جیل جام آصف اقبال،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی شازیہ اقبال،انجمن تاجران کے صدر حاجی عبدالطیف اور جیل کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ساہیوال بابر بشیر نے علم کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تعلیم سے شعوروآگاہی حاصل ہوتی ہے جس سے انسان بہتر اور کامیاب زندگی گزارنے کے قابل ہوتا ہے۔انہوں نے قیدیوں سے کہا کہ وہ تعلیم بالغاں پروگرام سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے بچوں کو بھی حصول علم کی جانب راغب کریں۔انہوں نے قیدیوں کی فلاح وبہبود اور اصلاح کے لئے مختلف تعلیمی ورفاہی پرورگرامز کے انعقاد پر جیل انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ صحت وصفائی کے حوالے سے جیل کا خوبصورت،سرسبز وشاداب اور پرسکون ماحول کلین اینڈ گرین پروگرام کی بہترین عکاسی کررہا ہے۔ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے جیل انتظامیہ کو کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی بھی سختی سے تاکید کی۔سپرنٹنڈنٹ جیل جام آصف اقبال نے تعلیمی مراکز کے قیام پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خواندگی وغیر رسمی تعلیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جیل کے بالکل اَن پڑھ سینکڑوں قیدیوں کو خواندہ بنانے کے لئے یہ قابل تحسین اقدام ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے لئے جیل میں پڑھے لکھے قیدیوں کو ٹیچرز کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جبکہ قیدیوں کو دینی وعصری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت واصلاحات کے مختلف پروگرامز پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔قبل ازیں ڈی ای او لٹریسی شازیہ اقبال نے تعلیم بالغان مراکز کے قیام کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تین ہفتہ کے کورس کے دوران ناخواندہ قیدیوں کو اردو،انگریزی اور ریاضی کی تعلیم دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ٹیچرز کو وظیفہ دینے کے علاوہ کورس کی تکمیل کے بعد شرکاء کی قابلیت کو بھی جانچا جائے گا۔تقریب سے انجمن تاجران کے صدر حاجی عبدالطیف نے بھی خطاب کیا اور انتظامیہ کو انجمن تاجران کی طرف سے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر بابر بشیرنے دیگر شرکاء کے ہمراہ کورس کے شرکاء قیدیوں اور ٹیچرز میں کتابیں ودیگر تعلیمی میٹریل بھی تقسیم کیا۔