اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کے الیکٹرک کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر نیپرا نے سوالات اٹھا دیے ، کہا کہ کے الیکٹرک کے مسائل کا خمیازہ صارف کیوں بھگتے ؟ ۔
نجی ٹی وی سماءنیوز کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے سماعت کی ، نیپرا نے کہا کہ جولائی میں کے الیکٹرک نے بعض پلانٹس پر میرٹ آرڈر کو نظر انداز کیا، ایفیشینٹ پاور پلانٹ کو بھی مکمل استعداد پر نہیں چلایا گیا ، کورنگی کمبائنڈ سائیکل پلانٹ کو گیس کی بجائے ہائی سپیڈ ڈیزل پر چلایا گیا ، کے الیکٹرک کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ صرف چار پیسے بنتی ہے ۔
نیپرا کی جانب سے جواز پیش کیا گیا کہ گیس پریشر میں کمی کے باعث پاور پلانٹس کو ڈیزل پر چلایا گیا جس پر نیپرا نے کہا کہ یہ بتائیں کے الیکٹرک کے مسائل کا خمیازہ صارف کیوں بھگتے ؟، کے الیکٹرک کی جانب سے کہا گیا کہ اکنامک میرٹ آرڈر کو فالو کر کے پاور پلانٹس کو چلایا گیا ۔
نیپرا نے استفسار کیا کہ صارف کیلئے پلانٹ اور فیول کی دستیابی کس کی ذمہ داری ہے ، کے الیکٹرک نے جواب دیا کہ پلانٹ دستیاب ہے فیول فراہم کرنے کی ذمہ داری حکومت پرہے ۔
کے الیکٹرک کے مسائل کا خمیازہ صارف کیوں بھگتے؟، بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر نیپرا کے سخت سوالات
