ممبئی (ویب ڈیسک) بگ باس 13 کے فاتح سدھارتھ شکلا دل کے دورے کے باعث چل بسے، ان کی عمر صرف 40 برس تھی، بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں کوپر ہسپتال کی انتظامیہ نے اداکار سدھارتھ کی موت کی خبر کی تصدیق کی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سدھارتھ شکلا نے سونے سے قبل کچھ دوائیں کھائی تھیں اور اس کے بعد وہ جاگے ہی نہیں۔ بعد ازاں ہسپتال نے تصدیق کی کہ سدھارتھ شکلا کی موت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی ہے۔ اداکار کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے جس کے بعد ان کی لاش گھر والوں کے حوالے کردی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ شکلا کو آج (جمعرات) کی صبح دل کا دورہ پڑا اور وہ جانبر نہ ہوسکے۔ سدھارتھ شکلا کی اچانک موت کی خبر ان کے مداحوں پر بجلی بن کر گری ہے اور ان کے چاہنے والوں سمیت بھارتی فلم انڈسٹری کے فنکار بھی صدمے میں ہیں۔