• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سائٹ ایریا میں چنے سے لدا کنٹینر گودام میں اترنے سے پہلے ہی ٹرک سمیت غائب ہوگیا

Sep 29, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) دالوں، چاول، چینی، مصالحہ جات، گندم و دیگر اجناس کے تھوک تاجروں، درآمدکنندگان وبرآمدکنندگان کی نمائندہ کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن (کے ڈبلیو جی اے) کے سرپرست اعلیٰ انیس مجید، چیئرمین ملک ذوالفقار نے سائٹ صنعتی ایریا سے سفید چنے سے لدے کنٹینر سے چوری ہونے والے مال کی بازیابی اور ٹرک ڈرائیورکا پتہ لگانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اصل محرکات کا کھوج لگایا جاسکے۔ ہفتہ کو جاری کردہ اپنے مشترکہ اعلامیہ میں انہوں نے کہا کہ ترکش کابلی چنے سے لدا کنٹینر ٹرک مدنی گودام سائٹ ایریا بھجوایا گیا تھا جو بارش کی وجہ سے اتارا نہیں جاسکا لہٰذا اگلے دن صبح مال کو مدنی گودام میں اتارنا تھا مگر ٹرک ڈرائیور نے مال نہیں اتارا بلکہ معلوم یہ ہوا کہ ڈرائیور بمعہ لوڈ مال کے غائب ہے جس کے بعد ٹرک کے مالک سے رابطہ کیا گیا اورگودام سے بھی معلومات حاصل کی گئیں لیکن کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ ٹرک میں 24 ٹن ترکش کابلی چنے کے 960 بورے لوڈ تھے جس کی مالیت 22 لاکھ 50 ہزار روپے بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کی ایف آئی آر سائٹ تھانہ بی میںدرج کروادی گئی ہے۔ کے ڈبلیو جی اے کے رہنماؤں نے ڈی آئی جی ویسٹ سے مسروقہ مال کی بازیابی اور ٹرک ڈرائیور کا پتہ لگانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائٹ ایریا میں مال کی چوری اور لوٹ مار کے واقعات کی روک تھام کے لیے پولیس کا گشت بڑھایا جائے اور فول پروف سکیورٹی انتظات کیے جائیں۔ کے ڈبلیو جی اے نے اپنے ممبران کو ایک سرکلر بھی جاری کیا ہے جس میں مال کی چوری سے متعلق آگاہی فراہم کرتے ہوئے درخواست کی گئی ہے کہ اگر انہیںچوری شدہ مال کے بارے میں معلومات حاصل ہوں تو فوری طور پر ایسوسی ایشن کو آگاہ کریں اور مذکورہ چوری شدہ سفید چنے کی خرید و فروخت سے اجتناب کریں۔