• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ڈرامے میں آدمی کا نمبر دکھا دیا گیا روزانہ 4 ہزار نامعلوم کالز، صدارتی امیدوار کی ڈیڑھ کروڑ روپے میں نمبر خریدنے کی پیشکش

Oct 1, 2021

سیئول (نمائندہ خصوصی) جنوبی کوریا کی نیٹ فلکس سیریز سکوڈ گیم میں ایک شخص کا نمبر دکھا دیا گیا جس کے بعد اس کی زندگی اجیرن ہوگئی۔ اسے روزانہ چار ہزار سے زائد کالز موصول ہونے لگیں۔
ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق سکوڈ گیم نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی نئی سیریز ہے جو دنیا بھر پلیٹ فارم پر ٹاپ ٹرینڈ ہے۔ نیٹ فلکس کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ سکوڈ گیم نیٹ فلکس کی تاریخ کی سب سے بڑی سیریز ہوسکتی ہے۔
اس سیریز میں انتہائی مجبور، لاچار اور قرضوں کی دلدل میں پھنسے لوگوں کو بچوں کے کھیل کھیلنے کیلئے مدعو کیا جاتا ہے۔ جو شخص گیم ہارتا ہے اسے موقع پر ہی قتل کردیا جاتا ہے۔ امیدواروں کو گیم میں شرکت کیلئے ایک کارڈ دیا جاتا ہے جس پر ایک نمبر درج ہوتا ہے۔ سیریز بنانے والوں نے ایسے ہی یہ نمبر لکھ دیا لیکن حقیقت میں یہ نمبر ایک شخص کے زیراستعمال تھا۔
سکوڈ گیم میں یہ نمبر دیکھنے کے بعد لوگوں نے پرینک کالز کی بہتات کردی۔ جنوبی کوریا کے صوبے گیونگی کے رہائشی شخص نے بتایا کہ جب سے اس کا نمبر سکوڈ گیم میں دکھایا گیا ہے تب سے اسے روزانہ کی بنیاد پر چار ہزار سے زائد کالز موصول ہو رہی ہیں۔ کالز کرنے والوں میں بچے بھی شامل ہوتے ہیں جنہیں یہ اندازہ ہی نہیں ہے کہ یہ ایک فکشنل سیریز ہے۔ لیکن کالز کرنے والے بچے کہتے ہیں کہ انہوں نے بھی ان کھیلوں میں حصہ لینا ہے۔

جنوبی کوریا کی سیاسی جماعت نیشنل ریوولیوشنری پارٹی کے چیف ہوتھ کیونگ ینگ نے کہا ہے کہ وہ سکوڈ گیم میں دکھایا گیا نمبر 100 ملین وون (85 ہزار امریکی ڈالر یا ایک کروڑ 44 لاکھ 54 ہزار پاکستانی روپے) میں خریدنے کیلئے تیار ہے۔
فون نمبر کے مالک کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 10 برس سے یہ نمبر استعمال کر رہا ہے اور یہی نمبر اس کے کاروبار سے بھی جڑا ہوا ہے اس لیے اس کیلئے نمبر تبدیل کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس حوالے سے نیٹ فلکس کا کہنا ہے کہ پروڈکشن کمپنی سائرن پکچرز متاثرہ شخص کے ساتھ رابطے میں ہے اور اس کے ساتھ معاملات طے کرنے کیلئے مذاکرات کر رہی ہے۔