بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے)عوام اٹھ کھڑے ہوں،اپنے حق کے لئے باہر نکلیں اورغاصب لٹیرے حکمرانوں کو نکال باہر کریں،، محمد سلیم بھٹی ڈپٹی سیکریٹری انفارمیشن پا کستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب،چوہدری سرورعباس ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور شگفتہ چوہدری سیکریٹری فنانس جنوبی پنجاب نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب میں نیازی مارکہ سونامی مہنگائی کے خلاف 10 اکتوبر سے بھر پورعوامی احتجاجی پروگرام کا آغاز کردیا ہے
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ لٹیرے غربت کی بجائے غریبوں کا خاتمہ کرنے کے درپے ہیں،آئے دن پٹرولیم کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ سامراجی استعمار کی غلامی کا نتیجہ ہے۔بجلی،گیس،ادویات،ذرعی کیڑے مار ادویات،کھاد بیج عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئے ہیں،غریب کسان،مزدور اور تنخواہ دار شریف ملازم کو روٹی،کپڑا اور مکان کا حصول خواب بن کر رہ گیا ہے۔پاکستان کی تاریخ واہ ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر صدر ذرداری کے دور حکومت میں پیپلز پارٹی نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے تحت مزدوروں اور کسانوں کو ریلیف دیا گیا، بے روز گاروں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئیں لیکن سامراجی پٹھوؤں نے کبھی لیگ اور کبھی انصاف کے نام پر مظلوم و محکوم غریب عوام کا معاشی استحصال کیا۔جبکہ پیپلز پارٹی نے مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات سمیت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں ذبردست اضافہ کر کے ان کی مالی معاونت کی۔سلیم بھٹی نے کہا کہ پاکستان اس خطہ کے عوام کی جمہوری جدوجہد سے آذاد ہوا، طالع آزما فوجی جرنیلوں کی آمریت بھی عوامی جدوجہد سے ختم ہوئی اور آج جمہوریت بحال ہے۔لہذا اب پھر وقت آگیا ہے کہ سامراجی استعمار کے پٹھو حکمرانوں کی غاصبیت ختم کرنے کے لئے عوام بلاول بھٹو کی قیادت میں متحد ہوکر جمہوری جدوجہد کر کے غاصب حکمرانوں کو نکال باہر کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کب تک نالائق وزیراعظم کے غلط فیصلوں کا بوجھ اپنے کندھوں پر برداشت کریں،اس لئے عوام کو بھر پور انداز میں اپنی مزاحمت کا اظہار کرنا ہوگا۔