بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے)آنحضورصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمت العالمین ہیں اورآپؐ اعلیٰ اخلاق کا نمونہ تھے۔ ربیع الاول کا مہینہ مسلمانوں کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس مہینہ میں اللہ تعالی نے مسلمانوں پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صورت میں بڑا احسان کیاجس کا ذکر قران مجید میں متعدد مقامات پر آیا ہے۔دنیا بھر کے مسلمان ہر سال جہاں ایک طرف میلاد اور جشن ولادت رسولؐ مناتے ہیں وہیں ہم سب پر یہ بھی لازم ہے کہ ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات اور سیرت مبارکہ پر عمل پیرا ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے حضور اکرمؐ کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا اورحضورؐ صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ تمام جہانوں کے لئے رحمت بن کر آئے۔ قران و سنت کی تعلیمات عمل پیرا ہو کر ہی حقیقی فلاح، بہترین معاشرتی روایات اور کامیاب زندگی کا حصول ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنربہاول پور ڈویژن وچیئرمین پنجاب کونسل آف دی آرٹس، بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے عشرہ شان رحمت العالمین صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں بہاول پور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام رشدیہ آڈیٹوریم میں منعقدہ محفل نعت و تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رہنما پاکستان تحریک انصاف و ممبر سنڈیکیٹ دی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورسمیرا ملک،اسسٹنٹ کمشنر جنرل سید لیاقت علی گیلانی،ڈائریکٹر آرٹس کونسل زبیر ربانی،صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اختر عباسی اورچیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی بہاول پور ظہوراحمد چوہان سمیت مقابلہ جات میں حصہ لینے والے خواتین و حضرات، عمائدین شہر اوربہاول پور آرٹس کونسل کے جملہ سٹاف ممبران موجود تھے۔ تقریب میں قاری یعقوب نعمانی نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ نعت خواں محمد نصراللہ خان نقشبندی، محمد عثمان قادری، جاوید حسین گیلانی اور شوکت حسین بخاری نے ہدیہ نعت رسول مقبولؐپیش کیا۔ محفل نعت کے اختتام پر کمشنربہاول پور ڈویژن وچیئرمین پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے مقابلہ خطاطی کے پوزیشن ہولڈرز مرد و خواتین میں بالترتیب 25000روپے، 20000روپے اور 15000 روپے نقد انعام اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ نتائج کے مطابق کیلیگرافی کے مقابلہ جات میں محمد شکیل گل نے اول، عامر حسین نے دوم جبکہ عبید الرحمن نے سوم پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ خطاطی میں ججز کے فرائض، محمد افضل جہانگیر، ہمایوں اعظم اور گلزار ندیم نے سر انجام دیے۔قبل ازیں ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس، بہاول پور ڈویژن محمد زبیر ربانی نے شرکائے تقریب کو پنجاب کونسل آف دی آرٹس، بہاول پور ڈویژن کے زیر اہتمام عشرہ شانِ رحمت اللعالمین کے سلسلہ میں جاری رہنے والی تقریبات اور مقابلہ جات بارے تفصیلاً آگاہ کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض پروگرام آفیسر ملک ذکائاللہ نے ادا کیے۔ بعد ازاں مہتمم جامعہ رشیدیہ بہاول پور قاری عبدالرؤف نے ملکی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کرائی۔