• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ٹی 20 ورلڈکپ، بھارت کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا

Nov 1, 2021

دبئی(نمائندہ خصوصی)نیوزی لینڈ نے اہم ترین میچ میں بھارت کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیدی۔
نیوزی لینڈ نے 111 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر ویں15 اوور میں پورا کرلیا۔نیوزی لینڈ نے ہدف کے تعاقب میں محتاط انداز میں آغاز کیا اور بڑی شاٹس کی بجائے سنگل ،ڈبلز پر فوکس کیا،تاہم اس دوران مارٹن گپٹل بڑی شاٹ لگانے کی کوشش میں جسپریت بمرا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے،انہوں نے 17گیندوں پر 20 رنز بنائے۔مارٹن گپٹل کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کے دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ،ڈیرل مچل 35 گیندوں پر 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ،انکی وکٹ جسپریت بمرا نے حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان کین ولیمسن33 اور ڈیون کونوے دو رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
قبل ازیں بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 111 رنز کا ہدف دیا تھا۔بھارت کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر110 رنز بناسکی۔بھارت کی جانب سے ایشان کشن اور کے ایل راہول نے اننگز کا آغاز کیا،مگر نئی جوڑی بھی بھارت کو بہتر آغاز نہ فراہم کرسکی۔ایشان کشن صرف چار رنز بناسکے اور ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔روہت شرما بیٹنگ کے لیے آئے تو پہلی ہی گیند پر ایڈم ملنے نے ان کا آسان کیچ ڈراپ کردیا،جس کے بعد دونوں بلے بازوں نے بڑی شاٹس کھیلنا شروع کیں تاہم کے راہل راہول چھٹے اوور میں ساؤتھی کی گیند پر 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔رن ریٹ بڑھانے کے لیے روہت شرما بھی بڑی شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوئے،روہت شرما 14 گیندوں پر 14 رنز بناکر ایش سوڈھی کا نشانہ بنے۔ویرات کوہلی بھی آج اپنا جادو نہ جگا سکے اور 17گیندوں پر نو رنز بناکر ایش سوڈھی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔رشبا پنت 19 گیندوں پر 12 رنز بناکر ایڈم ملنے کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ہاردیک پانڈیا 24 گیندوں پر 23 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔شردل ٹھاکر تین گیندوں پر بغیر کوئی رنز بنائے ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔جدیجا26 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے تین، ایش سوڈھی نے دو جبکہ ایڈم ملنےاور ٹم ساؤتھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا شبنم پڑنے کے باعث پہلے باؤلنگ کافیصلہ کیا ہے کوشش کریں گے کہ بھارت کو کم سے کم ہدف پر روکیں۔ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے ٹم سیفرٹ کی جگہ فاسٹ باؤلر ایڈم ملنے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیتتے تو باؤلنگ ہی کرتے ،ہمیں گزشتہ میچ سے زیادہ رنز سکور کرنے ہونگے۔لڑکوں نے اچھی پریکٹس کی ہے،کوشش کریں گے کہ اچھا میچ ہو اور اپنی غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔بھارتی ٹیم نے سوریا کمار یادیو کی جگہ اشن کشن اور بھونیشور کمار کی جگہ شردل ٹھاکر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
واضح رہے کہ جو ٹیم یہ میچ جیتے گی اس کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن رہیں جبکہ ہارنے والی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی۔