• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

موضع ڈیرہ عزت میں گندے پانی سے کاشت کردہ زہر آلود سبزیاں طرح طرح بیماریاں پھیلانے کا باعث بننے لگیں

Nov 29, 2021

بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے)موضع ڈیرہ عزت میں گندے پانی سے کاشت کردہ زہر آلود سبزیاں طرح طرح بیماریاں پھیلانے کا باعث بننے لگیں۔اعلی حکام سے کاروائی کی اپیل تفصیل کے مطابق بہاول پور کے علاقہ موضع ڈیرہ عزت کے گردو نواح میں سیوریج کے گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے جس کے باعث شہریوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے۔طبی ماہرین کے مطابق آلودہ پانی سے کاشت کی جانے والی سبزیاں گردوں کے امراض، ہڈیوں کی کمزوری، ہیپاٹائٹس، ٹائیفائیڈ اور ہیضے سمیت سرطان جیسی جان لیوا بیماریوں کا باعث بن سکتی ہیں۔کاشتکاروں کے مطابق سیوریج کے پانی سے کاشت کی جانے والی سبزیوں کے لیے کھاد کی ضرورت نہیں ہوتی۔ یہی وجہ ہے کہ وہ نہری یا ٹیوب ویل کے پانی کو ترجیح نہیں دیتے۔ ڈیرہ عزت میں آلودہ پانی سے کاشت ہونے والی سبزیوں میں گاجر، شلجم، مولی اور پالک وغیرہ شامل ہیں۔مذکورہ علاقوں میں ناصرف سبزیوں کی کاشت آلودہ پانی سے کی جاتی ہے بلکہ اسی پانی سے ہی دھو کر منڈی میں بھیجا جاتا ہے۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سیوریج کے پانی سے سبزیوں کی کاشت پر تو مکمل طور پر پابندی عائد کی گئی ہے لیکن ڈیرہ عزت میں عوام کی جانوں سے کھلواڑ کیاجارہاہے اس علاقے میں لگ بھگ تمام کاشت کار سیوریج کا پانی استعمال کرتے ہیں۔ مگر انھیں نہیں معلوم کہ ان کی کاشت کردہ سبزیاں انسانی صحت کے لیے خطرناک ہیں۔ عوام نے اس بارے کہا کہ ظاہری بات ہے اس زہریلے پانی سے کاشت ہونے والی سبزیاں بھی زہریلی ہی ہوتی ہیں۔جبکہ ہمارے ہاں گندے نالوں کو بالکل بھی پختہ نہیں کیا جاتا جس کے باعث آلودہ پانی زمینی پانی میں شامل ہوکر اسے بھی آلودہ کرتا ہے جس سے لوگوں میں مختلف بیماریاں پھیلتی ہیں طبی ماہرین کے مطابق اگر فوری طور پر اس صورتِ حال کا نوٹس نہ لیا گیا تو مستقبل قریب میں صورتحال تشویش ناک رخ اختیار کر سکتی ہے۔