• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کے چار رکنی وفد کی پاکستان آمد، وفد آسٹریلوی ٹیم کے آئندہ سال دورہ پاکستان کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لے گا

Dec 7, 2021

کراچی۔7دسمبر (غلام مصطفے عزیز):آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کا چار رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا، وفد کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں کرکٹ، سیکورٹی، لاجسٹک اور کوویڈ 19 کی صورتحال کا جائزہ لے گا۔ منگل کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وفد نیشنل سٹیڈیم کراچی کا دورہ بھی کرے گا، کراچی میں انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد وفد راولپنڈی اور لاہور روانہ ہوگا، سیکورٹی ماہرین پر مشتمل وفد 13 اور 14 دسمبر کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کراچی میں شیڈول میچز کا بھی جائزہ لے گا۔ پی سی بی کی طرف سے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان اور ڈائریکٹر سیکورٹی کرنل ریٹائرڈ آصف وفد کے ہمراہ موجود ہوں گے۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ دورے کے اختتام پر مہمان سیکیورٹی وفد اپنی رپورٹ کرکٹ آسٹریلیا کو پیش کرے گا۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم آئندہ سال مارچ، اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ آسٹریلیا کے دورہ پاکستان میں تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور ایک ٹی ٹونٹی میچ شامل ہے، 1998 کے بعد پہلی بار آسٹریلوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔