ریاض(نمائندہ خصوصی)بالی ووڈ کے دبنگ خان نے سعودی عرب میں اپنی فلم کی عکسبندی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنا ان کے فلمی کیرئیر کا اہم موڑ ثابت ہو گا۔
ہم نیوز نے العربیہ نیٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے دیگر بھارتی فلمی ستاروں کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب آنے پر بے حد خوشی ہے۔انہوں نے سعودی عرب کو تہذیبوں کا سنگم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے لوگ ہنستے مسکراتے ہیں اور ان کے چہرے پر بکھری مسکراہٹ سے زیادہ خوبصورت بات اور کیا ہو گی؟
اداکار سلمان خان نے سعودی عرب میں نظر آنے والی تبدیلیوں پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی ریجن میں بڑی تبدیلیاں ہو رہی ہیں اور جو کچھ یہاں دیکھا ہے وہ قابل تعریف ہے۔سلمان خان کے ساتھ موجود اداکارہ شلپا شیٹھی نے اس موقع پر کہا کہ پہلی مرتبہ سعودی عرب آئی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہاں ریاض سیزن اور مملکت میں جو کچھ دیکھا ہے اس کے جمالیاتی پہلوؤں کے متعلق بالی ووڈ کے دوستوں کو بتاؤں گی۔
سلمان خان نے سعودی عرب میں فلم بنانے کی خواہش ظاہر کردی
