کراچی(غلام مصطفے عزیز) آئی جی سندھ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی لیگ میں ڈسٹرکٹ ایسٹ نے ڈسٹرکٹ ویسٹ کو 3 گول سے شکست دیدی، ایس پی جمشید ٹائون زبیر نزیرشیخ مہمان خصوصی تھے، لیجنڈ اولمپیئن حنیف خان سمیت انٹرنیشنل کھلاڑیوں اور تماشایوں کی کثیر تعداد میچ سے لطف اندوز ہوئی، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے کھلاڑی ابو نصر مین آف دی میچ قرار پائے۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کے تعاون سے منعقد ہونے والی آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کے دوسرے روز ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مابین میچ کھیلا گیا جو کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ نے صفر کے مقابلہ میں 3 گول سے جیت لیا۔ ڈسٹرکٹ ویسٹ کی ٹیم جواباً گول کرنے میں ناکام رہی۔ کھیل کا آغاز تیز رفتاری کے ساتھ ہوا، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لئے مخالف فریق کی گول پوسٹ پر کئی حملے کئے۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ کی جانب سے انس صدیقی نے کھیل کے 15ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ فارورڈ عبداللہ نے کھیل کے 43 ویں اور 49 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ کے ابو نصر مین آف دی میچ قرار پائے۔ میچ کے مہمان خصوصی ایس پی جمشید ٹائون زبیر نزیر شیخ تھے۔ معزز مہمان کا اسٹیڈیم میں آمد پر لیجنڈ اولمپیئن حنیف خان، سیکرٹری کے ایچ اے حیدر حسین، گلفراز احمد خان سمیت کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے استقبال کیا۔ معزز مہمان کا کھلاڑیوں اور آفیشلز سے تعارف بھی کرایا گیا۔ اس موقع پر معزز مہمان خصوصی نے ابونصر کو مین آف دی میچ کیش ایوارڈ بھی دیا۔ اس میچ کو ایمپائرز عمران اور فہد نے سپروائز کیا جبکہ میچ کے جج اخلاق بخار، مسعود، معین اور ایم ندیم تھے۔