ممبئی (نمائندہ خصوصی) بھارت میں سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے نوجوان اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ سے تیسری شادی کرلی ہے تاہم ان خبروں کا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔
بھارت میں سوشل میڈیا پر عامر خان کی فاطمہ ثنا شیخ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی جا رہی ہے جس میں اداکارہ ساڑھی میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے ساتھ نظر آرہی ہیں۔ یہ تصویر فوٹو شاپ پر ایڈٹ کی ہوئی ہے ۔ اصل تصویر عامر خان اور ان کی سابق اہلیہ کرن راؤ کی ہے لیکن کسی نے کرن کا چہرہ ایڈٹ کرکے اس پر فاطمہ کا چہرہ لگا دیا۔
خیال رہے کہ عامر خان نے سنہ 2005 میں کرن راؤ سے دوسری شادی کی تھی۔ یہ شادی 16 برس تک قائم رہنے کے بعد رواں برس اگست میں ختم ہوگئی تھی۔ یہ افواہیں اس وقت بھی گردش کر رہی تھیں کہ عامر خان نے فاطمہ ثنا شیخ کی وجہ سے کرن راؤ کو طلاق دی ہے۔