ساہیوال(خاورعلی چوہدری سے)ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرڈاکٹرآصف کمال نے کہاہے کہ نیوایئرپر ون ویلنگ،ہلڑبازی کرنیوالوں کیخلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے،اس گھناؤنے فعل میں ملوث مکینکس اوروالدین کیخلاف بھی مقدمات درج کئے جائیں گے،سائلینسر نکال کر موٹر سائیکلز کی بے جا دوڑیں لگانے والوں، کسی بھی صورت روڈ بلاک کرنے والوں اور خواتین سے بدتمیزی کرنیوالوں کے خلاف بھرپورکاروائی کی جائے گی،الدین اپنے بچوں کو ون ویلنگ جیسے خونی کھیل کا حصہ بننے سے روکیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ون ویلنگ کے خلاف عوامی آگاہی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ون ویلنگ ایک جان لیوا کھیل ہے ہر سال نو جوانوں کی ایک بڑی تعداد اس کھیل کے دوران اپنی جان گنوا دیتی ہے یا عمر بھر کی معذوری کا شکار ہو جاتی ہے۔ ان حادثات کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ ایسے تمام عوامل کی حوصلہ شکنی کی جائے جو اس خونی کھیل کا باعث بنتے ہیں۔اس سلسلہ میں ٹریفک ایجوکیشن وروڈسیفٹی ونگ کی طرف سے ون ویلنگ کے خلاف آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت موٹرسائیکل سواروں خصوصاً نوجوانوں کو ون ویلنگ کے نقصانات سے آگاہی دی جارہی ہے۔ٹریفک ایجوکیشن ٹیم نے تمام بڑی موٹرسائیکل ورکشاپس کا وزٹ کیا اور موٹرسائیکل مکینکوں کو ہدایات دیں کہ ون ویلنگ کے شوقین نوجوانوں کے موٹرسائیکل میں تبدیلی نہ کی جائے نہ ہی ایسا کوئی عمل کیا جائے جس سے ون ویلنگ کی ترغیب ملتی ہے۔ ایسے مکینک جو ان کاموں میں ملوث پائے جائیں گے ان کیخلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر ساہیوال ڈاکٹر آصف کمال کی زیر قیادت صدرچوک ساہیوال میں ون ویلنگ کیخلاف آگاہی واک بھی کی گئی اور اس موقع پر پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔