کراچی۔6جنوری (غلام مصطفے عزیز):پاکستان نیوی شوٹنگ رینج پی این ایس بہادرمیں چیف آف نیول سٹاف (سی این ایس)اوپن شوٹنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس ایس یو کمانڈوز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایس ایس یو اور سندھ پولیس کا نام روشن کیا۔ ترجمان ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سندھ، پنجاب، تینوں مسلح افواج، فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن (ایف آر اے)، بلوچستان رائفل ایسوسی ایشن (بی آراے)، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف)، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، واپڈا، سندھ رینجرز، سندھ پولیس اور کراچی کے مختلف شوٹنگ کلبوں کے شوٹرزنے شرکت کی اور اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے جیتنے والوں کھلاڑیوں میں میڈلز اور انعامات تقسیم کیے۔ ایس ایس یو کمانڈوز نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے کی مختلف کٹیگریز میں 4گولڈ، 7چاندی اور 5 کانسی کے میڈل حاصل کئے۔ ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے فاتح شوٹنگ ٹیم سے ملاقات کی، انہیں مبارکباد دی اور مستقبل میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔