لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم عمران خان نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام رکھ جھوک کے مقام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہاؤسنگ سوسائٹی نہیں بلکہ نیا شہر ہے ، ہم کیس کو سپریم کورٹ لے کر جائیں گے ۔
اپنی گفتگو میں وزیر اعظم نے کہا کہ شائد کسی کو غلط فہمی ہے کہ یہاں ہاؤسنگ سوسائٹی بن رہی ہے جبکہ یہ مارڈرن سٹی بن رہا ہے ، یہاں نیا شہر بسایا جا رہا ہے ، یہ شہر دبئی کی طرز پر ہوگا، جو پھیلنے کی بجائے اوپر کی طرف جائے گا۔ ہم نےخیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے ، اب 10 ارب درخت لگا رہے ہیں ، ہم یہاں پر بھی دو کروڑ درخت لگائیں گے ، اس پراجیکٹ کے ذریعے راوی کے پانی کو بچایا جائے گا ، ہم یہاں پر بیراج سے پانی کو روکیں گے جس سے پانی کی سطح اونچی ہو گی ، یہاں ٹریٹمنٹ پلانٹ لگا کر سیوریج کے پانی کو ٹریٹ کیا جائے گا تا کہ نیچے تک جانے والی گندگی کو روکا جائے اور صاف پانی میسر ہو ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سب سے بڑی بات یہ کہ 20 ارب ڈالرز کا پراجیکٹ ہے ، اتنا بڑا پراجیکٹ پہلے نہیں بنا ، اس سے نوکریاں ملیں گی ، ڈیڑھ ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کیلئے بیرون ملک سے سرمایہ کار آچکے ہیں ، اس پراجیکٹ سے 30،40 انڈسٹریز چلیں گی جس سے عوام کو روزگار میسر آئے گا ۔
عمران خان نے کہا کہ میں اپنی قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ جس تیزی سے آبادی بڑھ رہی ہے ہمیں نئے شہروں کی ضرورت ہے ، شام کو میڈیا کے سامنے تفصیلی پلاننگ رکھیں گے ، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ بنڈل آئی لینڈپر بھی نیا شہر بسائیں ۔
راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ہاؤسنگ سوسائٹی نہیں بلکہ نیا شہر ہے ، وزیر اعظم
