بہاول پور (نمائندہ نیوز ٹائم) ایک ہی شہر میں دو دو مویشی منڈیاں‘ پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی چیرہ دستیاں عروج پر‘ بہاول پور میں غیر قانونی مویشی منڈی لگوا دی‘ ٹھیکیداران کی ملی بھگت سے حکم امتناعی کے باوجود نئی مویشی منڈی کا غیر قانونی اجراء کر لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ بہاول پور کے زیر اہتمام مویشی منڈی بہاول پور میں ہر منگل اور بدھ کے روز لگائی جا رہی ہے جسکا دائرہ کار ذرائع کے مطابق تحصیل بہاول پور ایریا ہے۔ تاہم پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی نے ٹھیکیداران حاجی محمد لطیف‘ محمد شریف‘ حاجی محمد اسلم‘ عتیق قریشی‘ ابی قریشی‘ شاہ عالم نیازی‘ حاجی ابرار اور ناصر عباس گجر نے کیٹل مارکیٹ کے افسران سے مبینہ ملی بھگت کر کے خانقاہ شریف روڈ بائی پاس بہاول پور میں عدالتی حکم امتناعی کے باوجود ایک اور غیر قانونی مویشی منڈی لگوا دی۔ اس حوالے سے محمد فاروق‘ محمد عرفان وغیرہ نے پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی‘ چیف ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ بہاول پور بذریعہ کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بہاول پور‘ صدر کنٹونمنٹ بورڈ بہاول پور اور مذکورہ بالا ٹھیکیداران کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار ہے کہ بہاول پور میں کنٹونمنٹ بورڈ بہاول پور کے زیر اہتمام مویشی منڈی عرصہ دراز سے لگوائی جا رہی ہے جبکہ مذکورہ بالا فریقین نے پنجاب کیٹل مارکیٹ کمپنی سے مبینہ ملی بھگت کرتے ہوئے ایک ہی شہر میں دوسری غیر قانونی مویشی منڈی لگوا دی جسکی وجہ سے نقص امن کے خطرے سمیت لگائی گئی مویشی منڈی میں کرونا وباء کے بھی بڑھنے کے خدشات ہو گئے ہیں کیونکہ اس غیر قانونی مویشی منڈی میں کرونا ایس او پیز پر کوئی عملدر آمد نہیں کیا جا رہا۔ دوسری جانب نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس نے بھی مذکورہ غیر قانونی مویشی منڈی کے بارے میں لیٹر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منڈی کے اجراء کی وجہ سے روڈ حادثات میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے مویشی منڈی مین ہائی پر لگا دی گئی ہے جسے فوری طور پر ختم کیا جانا ضروری ہے۔ محمد فاروق‘ محمد عرفان وغیرہ نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اِس غیر قانونی مویشی منڈی کو ختم کرائے۔