کراچی،2 فروری (غلام مصطفے عزیز)۔رومان رئیس نے میچ میں شاداب خان کی وکٹ حاصل کی، شاداب خان نے 91 رنز کی اننگز کھیلی ۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی ٹیم ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر رومان رئیس منگل کو اپنی سابقہ ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میدان میں اترے۔یہ وہ ٹیم تھی جس کی جانب سے رومان رئیس 6 سال پی ایس ایل کا حصہ رہے ، اس میچ میں رومان رئیس نے شاداب خان کی اہم وکٹ حاصل کی اور ایک ایسے موقع پر حاصل کی جب شاداب خان میچ کا نقشہ بدل رہے تھے ، مگر رومان رئیس نے اس وکٹ کو حاصل کرنے کے بعد جشن نہیں منایا۔رومان رئیس نے بتایا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ان کی جذباتی وابستگی ہے اس وجہ سے انہوں نے ذہن بنایا ہوا تھا کہ کوئی بھی پلیئر کی وکٹ ہو ، وہ ٹیم کے احترام میں سیلبریٹ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ جس ٹیم کیخلاف میدان میں تھے ، 6 سال اسکا حصہ رہے ہیں، اس ٹیم نے ان کا کیریئر بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور زندگی کے اتار چڑھائو میں ساتھ کھڑی رہی اس لیے احترام میں وکٹ کو سیلبریٹ نہیں کیا۔